ْڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے زیر اہتمام ہیپاٹائٹس کے عالمی دن کے موقع پر آگاہی واک کا انعقاد

جمعہ 28 جولائی 2017 21:20

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جولائی2017ء)ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے زیر اہتمام ہیپاٹائٹس کی بیماری کے خلاف عالمی دن کے موقع پر آگاہی واک منعقد ہوئی جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے کی۔چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر ظفر عباس،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر آصف شہزاد،ڈاکٹر بلال احمد،ڈاکٹر محمد وسیم،میڈیکل سوشل آفیسر عائشہ انجم،سوشل ویلفیئر آفیسر کاشف نثار،چیئرمین پرائیویٹ سکولز الائنس صداقت حسین لودھی،محکمہ صحت کا سٹاف، سماجی کارکن اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے واک میں شرکت کی۔

واک ضلع کونسل چوک سے شروع ہوکر خلیق قریشی روڈ اور پریس کلب سے ہوتی ہوئی چوک کچہری بازار پر اختتام پذیر ہوئی۔شرکاء نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھارکھے تھے جن پر ہیپاٹائٹس کے موذی مرض سے بچائو سے متعلق حفاظتی تدابیر اور علاج کیلئے حکومتی پروگرام کے بارے میں معلومات درج تھیں۔

(جاری ہے)

آخر میں ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہیپاٹائٹس ایک جان لیوا مرض ہے جس سے بروقت علاج اور احتیاطی تدابیر اختیار کرکے بچایا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہیپاٹائٹس کے خلاف عالمی دن منانے کا مقصد اس مرض سے بچنے سے متعلق لوگوں میں شعور و آگہی پیدا کرنا ہے تاکہ اسے پھیلنے سے روکا جاسکے۔