سپریم کورٹ کی جانب سے پاناما کیس کے تاریخی فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں‘میاں مقصود احمد

جماعت اسلامی کی کاوشوں سے ملک میں کرپشن کے خلاف احتساب کا عمل شروع ہو چکا ہے ‘امیرجماعت اسلامی پنجاب

جمعہ 28 جولائی 2017 20:31

سپریم کورٹ کی جانب سے پاناما کیس کے تاریخی فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں‘میاں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جولائی2017ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے پاناما کیس کے تاریخی فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں،اس سے ملک میں احتساب کی راہ ہموار اور جمہوریت مضبوط ہو گی ،فیصلے سے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا۔ الحمد اللہ جماعت اسلامی کی کاوشوں سے ملک میں کرپٹ حکمرانوں کا احتساب شروع ہو گیا ہے ، قوم کا مطالبہ ہے کہ جنرل (ر)پرویز مشرف اور سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری سمیت پاناما لیکس میں بے نقاب ہونے والے دیگر 439افراد کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہو ںنے گزشتہ روزسنگوٹہ سوات میں تربیت گا ہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہو ں نے کہا کہ پوری قوم جے آئی ٹی کی جرات مندانہ تحقیقات کو سلام پیش کرتی ہے ۔

(جاری ہے)

اب وقت آگیا ہے کہ کرپشن کے خاتمے کے لئے بغیر کسی دبائو کے کام کیا جائے۔ ملک میں ہونے والی 4320ارب روپے کی سالانہ کرپشن سے نجات حاصل کر لی جائے تو ہم ترقی و خوشحالی کے راستے پر گامزن ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ( ن) کو چاہئے کہ وہ فراخدلی سے سپریم کورٹ کے فیصلے کو قبول کرے ۔ہماری بدقسمتی یہ ہے کہ ہر آنے والی حکومت نے کرپشن ختم کرنے اور کرپٹ افراد کے احتساب کانعرہ تولگایامگر اس جانب عملی طور پر پیش رفت نہیں کی گئی۔ اداروں کے احترام سے ہی موجودہ ملکی مسائل کاحل نکالاجاسکتاہے۔ انہوں نے کہاکہ حکمرانوں کے قول وفعل میں تضاد تھا جس کا خمیازہ آج سپریم کورٹ کے فیصلے کی صورت میں انہیں بھگتنا پڑ رہا ہے۔

پاکستان سیاسی عدم استحکام اور انتشار کامتحمل نہیں ہوسکتا۔انہوں نے کہاکہ محاذ آرائی کی سیاست سے دنیا میں غلط پیغام جارہا ہے۔غیر ملکی سرمایہ دار پریشان اور ملکی معیشت زبوں حالی کاشکار ہے۔بے یقینی کی کیفیت سے کاروباری سرگرمیاں ماند پڑگئی ہیں۔سیاسی چپقلش سے ملکی حالات دن بدن خرابی کی طرف جارہے ہیں۔خراب سیاسی صورتحال کے باعث ملک کو4.25کھرب کانقصان ہوچکا ہے۔جماعت اسلامی ملک میں صرف ووٹ کے ذریعے تبد یلی کی خواہش مند ہے ۔