عادی ، پیشہ و ر اوراے کیٹیگری کے اشتہاری مجرمان کے خلاف یکم اگست سے باقاعدہ مہم شروع کی جائے ‘کیپٹن (ر) عارف نواز

جو بھی ڈی ایس پی یا ایس ایچ اواپنے علاقے میں جرائم پیشہ افراد کی سرپرستی کرتا پایا گیا اس کے خلاف سخت محکمانہ قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے ایلیٹ فورس سپیشلائزڈ فورس ہے ،بلا مقصد استعمال نہ کیا جائے ،جہاں ضرورت ہو وہیں استعمال میں لایا جائے‘آئی جی پنجاب

جمعہ 28 جولائی 2017 20:31

عادی ، پیشہ و ر اوراے کیٹیگری کے اشتہاری مجرمان کے خلاف یکم اگست سے ..
ْلاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جولائی2017ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ عارف نواز خان نے کہا ہے کہ صوبے میں عادی ، پیشہ و ر اوراے کیٹیگری کے اشتہاری مجرمان کی فہرستیں مرتب کرکے یکم اگست سے ان کے خلاف باقاعدہ مہم شروع کی جائے تاکہ ان سماج دشمن عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لا کر کیفر کردار تک پہنچایا جاسکے۔ انہوں نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ فہرستوں کی تیاری میں بہت احتیاط سے کام لیا جائے اور خانہ پری کی بجائے خطرناک اور اے کیٹیگری کے ملزموں کو فہرستوں میں شامل کیا جائے ،اس مہم کی نگرانی میں خود کروں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ جو بھی ڈی ایس پی یا ایس ایچ اواپنے علاقے میں جرائم پیشہ افراد کی سرپرستی کرتا پایا گیا اسے محکمے میں رہنے کا حق نہیں اور ان کے خلاف سخت سے سخت محکمانہ اور قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے ، تمام اضلاع میں ڈی پی اوز فورس سے رابطے کو یقینی بنائیں اورپولیس لائنز کا ہفتہ وار وزٹ کریں اور فورس کو دی جانے والی سہولیات کے معیار کومزید بہتر کیا جائے ، انہوں نے ہدایت کی کہ ایلیٹ فورس ایک سپیشلائزڈ فورس ہے جسے بلا مقصد استعمال نہ کیا جائے اور جہاں اس کی مناسب ضرورت ہو صرف وہیں اسے استعمال میں لایا جائے، تمام اضلاع میں آئی ٹی پراجیکٹس فرنٹ ڈیسک پربالخصوص توجہ دی جائے کیونکہ موجودہ ترقی یافتہ دورمیںٹیکنالوجی کے استعمال کے بغیر جدید پولیسنگ ممکن نہیں ،خواتین اور بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں اور خواتین اور بچوں پر ہونے والے ظلم و زیادتی کے واقعات کوترجیحی بنیادوں پر انصاف کے تقاضوں کے عین مطابق حل کیا جائے اس ضمن میںکسی بھی طرح کی کوئی غفلت یا لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہارانہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں منعقد ہ آرپی اوز اور ڈی پی اوز ویڈیو لنک کانفرنس میں سینئر پولیس افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کیا۔ ویڈیو لنک کانفرنس میں ایڈیشنل آئی جی آئی اینڈ وی، اعجاز حسین شاہ ، ایڈیشنل آئی جی ویلفئیر اینڈ فنانس، شعیب دستگیر ، ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن ، اظہر حمید کھوکھر، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز، محسن حسن بٹ، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز، بی اے ناصر، ڈی آئی جی آئی ٹی، ہمایوں بشیر تارڑ، ڈی آئی جی ڈسپلن اینڈ انسپکشن ، شہزادہ سلطان ، اے آئی جی آپریشنز وقار عباسی سمیت دیگر سینئر پولیس افسران موجود تھے جبکہ اس موقع پر ڈی پی اوز نے اپنے اضلاع میں جرائم کو کنٹرول کرنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات اور انکے نتیجے میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کے حوالے سے آئی جی کو بریفنگ دی۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ تمام اضلاع میں روزانہ کی بنیاد پر سرچ، سویپ اور کومبنگ آپریشنز شروع کئے جائیں ، بین الصوبائی چیک پوسٹوں پر نگرانی کا نظام سخت کیاجائے اور شہروں کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ کو مزیدموثر بنانے کے ساتھ ساتھ حساس علاقوں میں پولیس گشت کے دورانئے کو بڑھایا جائے اور مجرموں کی نشاندہی اور فوری گرفتاری کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کیا جائے ۔

آئی جی پنجاب نے آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو مزیدہدایت دیتے کہا کہ فورس کی استعداد کار بڑھانے کیلئے انہیں ریفریشر کورسسز کروائے جائیں جبکہ انویسٹی گیشن اور کمیونٹی پولیسنگ کے حوالے سے خصوصی تربیت دلوائی جائے تاکہ وہ معاشرے سے جرائم کے خاتمے کے ساتھ ساتھ اپنے اچھے رویے سے عوام کا اعتماد حاصل کرسکیں ، انہوں نے مزید ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ فورس کی ویلفئیر سے متعلق مسائل اور کیسز آر پی اواز اور ڈی پی اوز اپنی نگرانی میں جلد از جلد حل کروائیں کیونکہ فورس کا مورال بلندرکھنے کیلئے انکی ویلفیئر پر توجہ بنیادی اہمیت کی حامل ہے ۔

آئی جی پنجاب نے شہدائے پنجاب پولیس کے حوالے سے خصوصی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ شہدا ہمارا قابل فخر سرمایہ ہیںلہذا انکے لواحقین کی فلاح بہبود اور انکے مسائل کے حل کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کام کیا جائے ۔انہوں نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ڈی پی اوز پولیس اہلکاروں کوسزا دیتے وقت اس کے جرم کو مد نظر رکھیں اور جرم کے مطابق سزا کا تعین کریں ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ جوبھی ڈی پی او اپنے ضلع میں نیا تھانہ یا چوکی بنانا چاہتے ہوں اس کی سکیم جلد از جلد بنا کر سینٹرل پولیس آفس بھجوائے تاکہ اسے ترقیاتی منصوبوں میں شامل کرکے کام شرو ع کیا جاسکے۔انہوں نے مزید کہا کہ میں خود ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز کا وزٹ کروں گا جہاں میں تھانوں اور دفاتر کی انسپکشن بھی کروں گا۔

متعلقہ عنوان :