نواز شریف نے شہباز شریف کو وزیراعظم کا امیدوار نامزد کردیا ، باضابطہ منظوری (کل )مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں دی جائے گی

دن کیلئے عبوری نگران وزیراعظم کے طور پر سابق وفاقی وزراء شاہد خاقان عباسی اور خرم دستگیر اور شیخ آفتاب کے نام زیر غور

جمعہ 28 جولائی 2017 20:50

نواز شریف نے شہباز شریف کو وزیراعظم کا امیدوار نامزد کردیا ،  باضابطہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 جولائی2017ء) سابق وزیر اعظم میاںمحمد نواز شریف نے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو وزیراعظم کا امیدوار نامزد کردیا ہے، جس کی باضابطہ منظوری ہفتہ کو مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں دی جائے گی جبکہ 45 دن کیلئے عبوری نگران وزیراعظم کے طور پر سابق وفاقی وزراء شاہد خاقان عباسی اور خرم دستگیر اور شیخ آفتاب کے نام زیر غور ہیں جبکہ مسلم لیگ (ن) کے سپریم کورٹ نے پانچ رکنی بنچ کے فیصلے کے خلاف نظر ثانی کی اپیل بھی دائر کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔

ذرائع نے آئی این پی کو بتایا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد وزیراعظم ہائوس میں ایک تفصیلی مشاورتی اجلاس ہوا جس کی صدارت سابق وزیراعظم نواز شریف نے کی، اجلاس میں جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، شہباز شریف، چوہدری نثار علی خان، گورنر پنجاب رفیق راجوانہ، گورنر سندھ زبیر عمر، راجہ ظفر الحق، اکرم درانی، اعجاز الحق، خواجہ سعد رفیق، اسپیکر ایاز صادق، ڈپٹی اسپیکر مرتضی جاوید عباسی، برجیس طاہر، گلگت بلتستان کے وزیر اعلی حافظ حفیظ الرحمان، عابد شیر علی اوردیگر شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اورنواز شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ شہبازشریف رکن قومی اسمبلی منتخب ہو کر نئے وزیراعظم بنیں تا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملک میں بجلی بحران کے خاتمے، سی پیک منصوبے سمیت دیگر میگا پراجیکٹ شروع کئے ہیں وہ تکمیل کو پہنچ سکیں اور شہباز شریف میں یہ مکمل صلاحیت موجود ہے کہ وہ سارے معاملات کو بہتر انداز میں چلا سکتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں ایک رہنما نے یہ تجویز دی کہ بیگم کلثوم نواز کو خواتین کی مخصوص نشست پر منتخب کرا کر وزیراعظم بنایا جائے، جس پر نواز شریف نے کہا کہ تجویز دینے کا بہت شکریہ لیکن میں ایسا نہیں کرنا چاہتا۔ اجلاس میں 45 دن کیلئے عبوری وزیراعظم کے معاملے پر بھی غور کیا گیا اور اس حوالے سے کئی نام زیر غور آئے جن میں شاہد خاقان عباسی، خرم دستگیر خان اور شیخ آفتاب کے نام شامل ہیں تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ ہفتہ کو پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف نظر ثانی کی اپیل دائر کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا جو قانونی ماہرین آئندہ ہفتے تیار کرلیں گے۔