شہباز شریف کو نیا وزیراعظم بنائے جانے کی صورت میں رانا ثناء اللہ کو وزیراعلی پنجاب بنائے جانے کا امکان

muhammad ali محمد علی جمعہ 28 جولائی 2017 18:35

شہباز شریف کو نیا وزیراعظم بنائے جانے کی صورت میں رانا ثناء اللہ کو ..
لاہور (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28جولائی 2017ء) شہباز شریف کو نیا وزیراعظم بنائے جانے کی صورت میں رانا ثناء اللہ کو وزیراعلی پنجاب بنائے جانے کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان کے خصوصی بینچ کی جانب سے وزیراعظم نواز شریف کو نااہل قرار دے دیا گیا ہے۔ نواز شریف کی نااہلی کے بعد اب مسلم لیگ ن نیا وزیراعظم لانے کیلئے مختلف ناموں پر غور کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے ن لیگ کے اندرونی ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں 45 روز کیلئے ایک عبوری وزیراعظم لایا جائے گا۔ اس عرصے کے دوران وزیراعلی پنجاب الیکشن لڑ کر قومی اسمبلی کا حصہ بنیں گے۔ پھر انہیں اگلے الیکشن تک ملک کا وزیراعظم بنا دیا جائے گا۔ جبکہ شہباز شریف کے وزیراعظم بن جانے کے بعد پنجاب کی وزارت اعلی کے عہدے کیلئے بھی کئی ناموں پر غور کیا جا رہا ہے۔ ان ناموں میں چوہدری نثار، رانا ثناء اللہ اور اشفاق سرور شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق رانا ثناء اللہ کو وزیر اعلی پنجاب کے عہدے کیلئے منتخب کیے جانے کے امکانات زیادہ ہیں۔ اس حوالے سے تمام حتمی فیصلے ایک سے دو روز میں کر لیے جائیں گے۔