فیصلہ پاکستان کے حق میں آیا، عدلیہ اورقوم کو مبارکباد : ڈاکٹر طاہر القادری

ججز اور جے آئی ٹی ممبرز نے قوم پر احسان کیا ،پنجاب کے قاتل ٹولے کو بھی پکڑا جائے، سربراہ پاکستان عوامی تحریک

جمعہ 28 جولائی 2017 19:08

فیصلہ پاکستان کے حق میں آیا، عدلیہ اورقوم کو مبارکباد : ڈاکٹر طاہر القادری
ْ لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 جولائی2017ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمدطاہر القادری نے سپریم کورٹ کے لارجر بنچ کی طرف سے نواز شریف کو نا اہل قرار دینے کے فیصلہ کو تاریخی قرار دیا اور عدلیہ اور قوم کو مبارکباد دی ۔انہوں نے کہا کہ متفقہ فیصلہ آنے پر زیادہ خوشی ہے ،جے آئی ٹی کے تمام ممبرز اور لارجر بنچ کے تمام معزز ممبرز نے ہم آواز ہو کر کہا کہ وزیر اعظم صادق اور امین نہیں ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اللہ نے ایک خائن سے قوم کی جان چھڑائی ججز اور جے آئی ٹی ممبرز نے قوم پر احسان کیا، اشرافیہ کی کرپشن کو بے نقاب کرنیوالے صحافی ،اینکر اور سیاسی جماعتوں کے کارکنان اور وکلاء بھی مبارکباد کے مستحق ہیں ۔یہ فیصلہ پاکستان کی ایک بڑی کامیابی ہے ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ انشا اللہ اب سانحہ ماڈل ٹائون کے شہدا کے ورثا کو بھی انصاف ملے گا اور پنجاب کے قاتل ٹولے کو بھی پکڑا جائے گا ۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے سنٹرل کور کمیٹی کے ممبران سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ان درندوں نے جس طرح پانامہ لیکس کیس کے حوالے سے ریکارڈ بدلا،حقائق مسخ کرنے کی کوشش کی اسی طرح سانحہ ماڈل ٹائون کے حقائق بھی تبدیل کرنے کی کوشش کی،جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ کو دبا یا ۔ہمارا سب سے پہلا مطالبہ جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ کو پبلک کرنا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی نا اہلی کرپشن کے خاتمے کی مہم کا نقطہ آغاز ہونی چاہیے جس جس نے ملک لوٹا ہے اور جو جو سہولت کار بنا ہے سب کا کڑا احتساب ہونا چاہیے۔قوم صرف نواز شریف کی نا اہلی کے جشن منانے تک محدود نہ رہے بلکہ لوٹ مار کے اس نظام کو بدلنے کا مصمم ارادہ کرے،اب ’’گو نظام گو‘‘ تحریک چلے گی اورلوٹی گئی قومی دولت کی پائی پائی واپس خزانے میں لائی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ ان ظالموں نے کر سی بچانے کیلئے بے گناہ انسانی خون پانی کی طرح بہایا اور آج اقتدار بچا نہ خاندانی وقار ،تکبر اور غرور کے بت خاک میں مل گئے ۔