سپریم کورٹ نے زبردست فیصلہ دیا ہے، پرویز مشرف

شریف خاندان کا پاکستان میں رہنا مشکل ہوگیا ہے،جلد پاکستان آئوں گا،سابق صدر

جمعہ 28 جولائی 2017 18:37

سپریم کورٹ نے زبردست فیصلہ دیا ہے، پرویز مشرف
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 جولائی2017ء) سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف نے نواز شریف کی نااہلی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے بہت زبردست فیصلہ کیا ہے ، اپنے پائوں پر خود کلہاڑی مار ی ہے ، ابھی پورے خاندان کا پاکستان میں رہنا مشکل ہوگیا ہے کیونکہ یہ بہت بے عزت ہوچکے ہیں ،جلد پاکستان آرہا ہوں ، ان خیالات کا اظہار سابق صدر پرویز مشرف نے نجی ٹی وی سے گفتگو کے دوران کیا انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے پانامہ کے حوالے سے بہت زبردست ججمنٹ دی ہے اور میں نے اس فیصلے پر خوشی منا کر مٹھائی بھی کھالی ہے انہوں نے کہا کہ نواز شریف کیخلاف دنیا نے نہیں بلکہ اس نے خود سازش کرکے اپنے آپ کو مروایا ہے ، پرویز مشرف نے کہا کہ اب بھی نواز شریف کی سابق کابینہ الزامات عائد کرتی رہے حالانکہ حکومت اور ادارے نواز شریف کے ماتحت تھے ، ایک سوال کے جواب میں مشرف نے کہا کہ نواز شریف کی نااہلی پر فوج بہت خوش ہوئی ہوگی اور ابھی موقع بن رہے ہیں جلد پاکستان آئوں گا ایک سوال کے جواب میں پرویز مشرف نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد نواز شریف کی سیاست مکمل طور پر ختم ہوچکی ہے ، میرے خیال میں شریف فیملی لندن کی جانب بھاگیں گے پرویز مشرف نے مسلم لیگ (ن) کے نئے وزیراعظم کے لئے چوہدری نثار علی خان کے نام کی خواہش ظاہر کی ہے اور کہا ہے کہ خواجہ آصف جیسے لوگ امریکہ میں بیٹھے ہیں جبکہ یہا ں پر ان کی قیادت کا بوریا بستر گول ہوگیا ہے

متعلقہ عنوان :