خیبر پختونخوا کے عوام کی محرومیاں دور کی جائیں، سکندر شیرپائو

ملک بڑی مشکل ،سخت حالات سے گزر رہا ہے ،بد قسمتی سے ملک میں اہم اور حل طلب مسائل پر توجہ نہیں دی جاتی ،باہمی اختلاف ،تصادم جمہوریت کیلئے نقصان دہ ہیں،سینئروزیرخیبرپختونخوا

جمعہ 28 جولائی 2017 18:11

خیبر پختونخوا کے عوام کی محرومیاں دور کی جائیں، سکندر شیرپائو
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جولائی2017ء) خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر برائے آبپاشی اور قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئر مین سکندر حیات خان شیرپائو نے قومی وطن پارٹی کے عہدیداروں اور کارکنوں کوپارٹی کے مضبوط اور فعال بنانے اور عوامی مسائل کے حل کے لئے کامیاب جدوجہدکرنے پر انہیں مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت سے پارٹی 2018کے الیکشن میں بھر پور کامیابی حاصل کرے گی۔

وہ مردان میں قومی وطن پارٹی کے ضلعی عہدیداروں کے ایک اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پرضلع مردان کے قومی وطن پارٹ کے آٹھ حلقوں کے نظریاتی عہدیداروں اور کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ سکندر حیات خان شیرپائو نے کہا کہ ملک اس وقت بڑی مشکل اور سخت حالات سے گزر رہا ہے اور بد قسمتی سے ملک میں اھم اور حل طلب مسائل پر توجہ نہیں دی جاتی اور باہمی اختلاف اور تصادم جمہوریت کے لئے نقصان دہ ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ہم اداروں کے مابین ٹکرائو نہیں چاہتے۔ سکندر شیر پائو نے کہا کہ خیبر پختونخوا اور دیگر چھوٹے صوبوں کے حقوق پامال کئے جارہے ہیں ۔ وسائل کی صحیح تقسیم نہیں ہوتی ۔ ملک کا زیادہ تر فنڈزبڑے صوبے پر خرچ کیا جارہا ہے ۔ سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب میں بس اور ٹرین کے منصوبے پر 50ارب روپے خرچ کئے جارہے ہیں لیکن خیبر پختونخوا کی ترقی پر توجہ نہیں دی گئی ۔

خیبر پختونخوا ،بجلی، گیس اور تیل اپنی ضرورت سے زیادہ پیدا کرتاہے لیکن اس کے باوجودلوڈ شیڈنگ کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ یہاں کے غریب عوام کو بجلی کی ضرورت ہے اور پختون قوم کو ساتھ مزید دھوکے میں نہ رکھیں۔ سکندر حیات خان شیر پائو نے کہا کہ صوبے میں فاٹا کا ادغام بہت ضروری ہے تاکہ عوام کے مسائل حل ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے نظام میں ایسی تبدیلیاں وضع کی ہیں جن کی بدولت عوام کے مسائل حقیقی معنوں میں حل ہونے شروع ہوئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :