ْسپریم کورٹ سے نواز شریف کی نا اہلی ،تحریک انصاف نے پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کروا دی

احتساب کے عمل کو اوپر سے شروع کرنے پر خوشی ،اطمینان ہے جو نئے پاکستان کیلئے بنیادی امر ہے ‘ قرار داد کا متن

جمعہ 28 جولائی 2017 18:07

ْسپریم کورٹ سے نواز شریف کی نا اہلی ،تحریک انصاف نے پنجاب اسمبلی میں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جولائی2017ء) سپریم کورٹ سے نواز شریف کی نا اہلی پر تحریک انصاف نے پنجاب اسمبلی میں قرار داد جمع کر ادی ۔رکن اسمبلی محمد شعیب صدیقی کی طرف سے جمع کروائی گئی قرار داد میں کہا گیا ہے کہ پنجاب اسمبلی کا ایوان عدالت عظمیٰ کی جانب سے پاناما لیکس کے حوالے سے نواز شریف کی بطور وزیر اعظم نا اہلی کو پاکستان کی عدلیہ کی تاریخ کا اہم ترین فیصلہ سمجھتا ہے اور اس تاریخی اقدام پر ملک بھر کے عوام اور اداروں کو مبارکباد پیش کرتا ہے ۔

شعیب صدیقی نے اپنی قرار دادمیں کہا ہے کہ احتساب کے عمل کو اوپر سے شروع کرنے پر خوشی اور اطمینان ہے جو نئے پاکستان کیلئے بنیادی امر ہے اور اسی سمت میں ہی نیا پاکستان وجود میں آئے گا ۔انہوں نے اپنی قرار داد میں دعاء کی ہے کہ اللہ تعالیٰ پاک سر زمین کو بد عنوانی ،کرپشن ،حرس ،لالچ اور نا انصافی سے نجات دلائے اور پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرے ۔

(جاری ہے)

دریں اثناء فیصلے کے اطلاع ملتے ہی پی ٹی آئی کے کارکن باہر نکل آئے این ای122کے مرکزی دفتر گڑھی شاہو میں پارٹی کارکنوں کی بڑی تعداد نے ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا ،مٹھائیاں تقسیم کی گئیں اور ایک دوسرے کو گلے مل کر مبارکباد دی گئی اسی طرح این ای125اور لاہور کینٹ میں مختلف جگہوں پر عبدالعلیم خان اور شعیب صدیقی کی ہدایات پر پی ٹی آئی کے کارکنوں نے فیصلے کی خوشی میں تقاریب منعقد کیں کارکن بھنگڑے ڈالتے رہے اور اسے حق اور سچ کی فتح قرار دیتے ہوئے اس کا سہرا عمران خان کے سر قرار دیا پی ٹی آئی چئیرمین سیکرٹریٹ میں کارکنوں کی بڑی تعداد میں جشن میں حصہ لیا اور مٹھائیاں تقسیم کرنے کے علاوہ کھانے کا خصوصی اہتمام کیا گیا ۔