تکبر پر بالاخر اللہ کی پکڑ ہوتی ہے، قدرت کی لاٹھی بے آواز ہے ‘چودھری شجاعت حسین

تاریخی فیصلہ سے ثابت ہو گیا پانچ آدمی بھی اللہ تعالیٰ کے بعد ملک کو صحیح سمت میں لے جا سکتے ہیں ‘سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین کی کا عدالتی فیصلے پر رد عمل

جمعہ 28 جولائی 2017 17:45

تکبر پر بالاخر اللہ کی پکڑ ہوتی ہے، قدرت کی لاٹھی بے آواز ہے ‘چودھری ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 جولائی2017ء) سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کرسی پر موجود وزیراعظم، ان کے بچوں اور قریبی ساتھیوں کے خلاف پانامہ کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلہ کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم کو اس پر فخر ہونا چاہئے، تکبر پر بالاخر اللہ کی پکڑ ہوتی ہے اور قدرت کی لاٹھی بے آواز ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ثابت ہو گیا ہے کہ ہزاروں افراد کی بجائے پانچ آدمی بھی اللہ تعالیٰ کے بعد ملک کو صحیح سمت کی طرف لے جا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

فیصلہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے چودھری شجاعت حسین نے مزید کہا کہ یہ پاکستان کے مستقبل کیلئے نہایت اہم ہے اور اس سے کرپشن فری پاکستان کی ابتدا ہو گئی ہے، فاضل ججوں نے عدلیہ کا وقار مزید بلند کر دیا ہے اور پاکستان کی سیاسی سمت کا بھی تعین ہو گیا ہے اور عدلیہ مخالف لوگوں کے مند بند ہو گئے ہیں جو اپنی انا کی تسکین اور اپنے جرائم پر پردہ ڈالنے کیلئے عدلیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں۔ چودھری شجاعت حسین نے جے آئی ٹی کے ارکان کی بھرپور محنت، حوصلے اور ثابت قدمی کی بھی کھلے دل سے تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہر قسم کی تنقید، الزام تراشی اور دبائو کو جس طرح خاطر میں نہیں لائے وہ قابل تحسین ہے۔

متعلقہ عنوان :