پارٹی رہنماؤں کی اکثریت نے آئندہ وزیراعظم کیلئے کلثوم نوازکے حق میں رائے دے دی

مسلم لیگ (ن)کے قائد نوازشریف کی زیرصدارت پارٹی کااعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس،پاناما کیس فیصلے کے بعد کی صورتحال کاجائزہ اوراگلے وزیراعظم کی نامزدگی پرغور، انصاف کاعمل نظرنہیں آیاپھر فیصلہ تسلیم کرتاہوں،محمدنوازشریف

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 28 جولائی 2017 16:35

پارٹی رہنماؤں کی اکثریت نے آئندہ وزیراعظم کیلئے کلثوم نوازکے حق میں ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28جولائی 2017ء ) : مسلم لیگ ن کے قائداور سابق وزیراعظم محمد نوازشریف کی زیرصدارت پارٹی کااعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس ہوا، جس میں پاناما کیس فیصلے کے بعد کی صورتحال کاجائزہ لیاگیا اوراگلے وزیراعظم کی نامزدگی پرغور کیاگیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم ہاؤس میں ہونیوالے اجلاس میں پارٹی کے سینئررہنماؤں چوہدری نثارعلی خان ، خواجہ آصف، خواجہ سعد رفیق ، اسحاق ڈار، شاہد خاقان عباسی سمیت دیگرنے شرکت کی۔

اجلاس میں مسلم لیگ ن کومتحد اور فعال رکھنے کیلئے لائحہ عمل بھی مرتب کیاگیا۔

(جاری ہے)

جبکہ اس موقعہ پراجلاس میں اگلے وزیراعظم کے نام پرغوربھی کیاگیا۔ اجلاس میں ن لیگ کے اکثریتی رہنماؤں نے آئندہ وزیراعظم کیلئے کلثوم نوازکے حق میں رائے دے دی۔ذرائع کے مطابق پارٹی نے وزیراعظم کیلئے کلثوم نوازکی نامزدگی کاحتمی اختیاربھی نوازشریف کودے دیاہے۔مزید برآں اجلاس میں پارٹی رہنماؤں نے کہاکہ ہمارے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے، پٹیشن کے اندراج سے لیکر فیصلے تک تمام امور پرتحفظات ہیں۔سپریم کورٹ کے فیصلے پرآئینی و قانونی آپشنزاستعمال کریں گے۔ جبکہ وزیراعظم نوازشریف نے کہاکہ انصاف کے عمل نظرنہیں آیاپھر فیصلہ تسلیم کرتاہوں۔