پاناما کیس میں سپریم کورٹ کا تاریخی فیصلہ ملک میں احتساب کے عمل کا آغاز ہے،ڈاکٹرفاروق ستار

جمعہ 28 جولائی 2017 16:42

پاناما کیس میں سپریم کورٹ کا تاریخی فیصلہ ملک میں احتساب کے عمل کا آغاز ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جولائی2017ء) ایم کیو ایم (پاکستان) کے سربراہ ڈاکٹرفاروق ستار نے کہا ہے کہ پاناما کیس میں سپریم کورٹ کا تاریخی فیصلہ ملک میں احتساب کے عمل کا آغاز ہے ۔یہ سلسلہ اب تسلسل کے ساتھ قائم رہنا چاہیے ۔قومی اسمبلی کا اجلاس بلاکر جلد از جلد نئے وزیراعظم کا انتخاب کیا جائے تاکہ جمہوری نظام چلتا رہے ۔

ملک بھر میں سب سے زیادہ کرپشن صوبہ سندھ میں ہے ۔سندھ اسمبلی سے پاس کردہ احتساب بل غیر آئینی ہے ۔سپریم کورٹ کو اس معاملے پر بھی ازخود نوٹس لینا چاہیے ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے جمعہ کو ایم کیوا یم کے عارضی مرکز بہادرآباد میں پارٹی کے مشاورتی اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ملک میں جمہوری تسلسل کا خاتمہ نہیں ہونا چاہیے ۔

(جاری ہے)

پاناما کیس پر سپریم کورٹ کا فیصلہ تاریخی اور احتساب کے عمل کا آغاز ہے ۔سپریم کورٹ کا فیصلہ ہر ایک کو من و عن ماننا چاہیے ۔عدالت سے یہ توقع ہے کہ وہ اسی عمل کو قائم رکھ کر منی لانڈرنگ ، ٹیکس چوری اور دیگر کرپشن کے کیسسز پر فیصلہ سنائے گی ۔ڈاکٹرفاروق ستار نے کہا سپریم کوٹ کے فیصلے میں اہلیت اور نااہلیت کی شقوں میں زیلی شق کا اطلاق کرکے نواز شریف اسحاق ڈار کو نا اہل قرا دیا گیا ہے ۔

63ون سی کے تحت دوہری شہریت والوں کو بھی نا اہل قرار دیا گیا ۔آئین کی شق ترسٹھ ون این کے تحت قرضہ معاف کرانے والوں کے خلاف بھی کارروائی کرتے ہوئے انھیں بھی نا اہل قرار دیا جائے۔انہوںنے کہا کہ قومی اسمبلی کا اجلاس بلایا جائے اور نئی وزیر اعظم کا انتخاب جلد کرنا چاہیے ۔جو بھی وزیراعظم ہو اسے دیانت دار ہونا چاہیے ۔پارلیمان کو بھی اب جوابدہ ہونا ہوگا انکو ذمے داری پوری کرتے ہوئے احتساب کا خود مختار قانون اور نظام وضع کرنا ہوگا۔

انہوںنے کہا کہ صوبہ سندھ میں ملک بھر میں سب سے زیادہ کرپشن ہے ۔پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت نے سندھ اسمبلی سے احتساب جو بل پاس کیا ہے وہ غیر آئینی ہے ۔سپریم کورٹ کو چاہیے کہ وہ اس معاملے پر بھی سوموٹو ایکشن لے ۔فاروق ستار نے کہا کہ ہمیں ہر چیزسے زیادہ پاکستان عزیز ہے ۔ملک میں ہر حال میں امن و امان کو برقرار رکھا جائے۔