سیاست ابھی شروع ہوئی ہے ، نواز شریف اب کُھل کر سیاست کریں گے

زخمی شیر بن چکے ہیں پی ٹی آئی اور پیپلزپارٹی مشکل وقت کے لیئے تیار ہو جائے

جمعہ 28 جولائی 2017 16:09

سیاست ابھی شروع ہوئی ہے ، نواز شریف اب کُھل کر سیاست کریں گے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جولائی 2017ء) : سپریم کورٹ نے پانامہ کیس میں نواز شریف کو نا اہل قرار دے دیا ہے جس کے بعد پورے ملک میں ایک عجیب سے کیفیت طاری ہو چکی ہے کہیں تو خوشی کا سماں ہے اور کہیں غمگین آنکھیں دیکھائی دیتی ہیں۔ نواز شریف کی نااہلی کے بعد تحریک انصاف کے حامیوں کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی سیاست کو فل سٹاپ لگ چکا ہے اور آج کے فیصلے نے ان کے سیاسی کیرئیر کا خاتمہ کر دیا ہے تاہم ہمارے خیال میں نواز شریف کی سیاست ابھی شروع ہوئی ہے کیونکہ پانامہ کیس کے دوران ان پر وزارت عظمی کے ساتھ ساتھ خاندانی دباو بھی بہت زیادہ تھا جس کی وجہ سے وہ زیادہ کُھل کر نہیں کھیل سکے تاہم اس فیصلہ کے بعد نواز شریف اب کھل کر سیاست کریں گے جس میں ان کی ترجیحات میں تحریک انصاف کو ٹف ٹائم دینا ہو گا جبکہ پیپلز پارٹی کو بھی نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

نواز شریف ایک زخمی شیر کی طرح سیاست کریں گے اور ان کے ہاتھوں میں جو بھی اپوزیشن جماعت ائے گی وہ اسے مشکل وقت دیں گے۔ن لیگ پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کے رہنماوں کی جائیدادیں اور مختلف کاموں کی چھان بین شروع کر دے گی جس کے بعد سوشل میڈیا اور عدالتوں میں کیسیز کا ڈھیر لگ جائے گا۔ نواز شریف بہتر انداز میں اپنی پارٹی کو سنبھال پائیں گے جس کے لیئے ان کے پاس کوئی عہدہ ہونا لازم نہیں ہے۔تاہم نواز شریف کی مداخلت سے شہباز شریف اور ان کے زیر سایہ ٹولہ میں اختلافات بڑھیں گے کیونکہ نواز شریف اب صوبائی حکومت پر بھی توجہ دیں گے اور فیصلوں پر اثر انداز ہونے کی کوشش کریں گے جبکہ سندھ میں بھی پارٹی کو مضبوط بنانے کی کوشش کریں گے تاکہ پیپلز پارٹی کو بھی کٹہرے میں لا سکیں۔