Live Updates

سپریم کورٹ کافیصلہ:عمران خان کا اتوارکوپریڈگراؤنڈ میں یوم تشکرمنانے کیلئے جلسہ کااعلان

ثابت ہوگیاکہ عدلیہ چاہے توطاقتورکابھی احتساب ہوسکتاہے ،فیصلے سے پاکستان میں جمہوریت مضبوط ہوئی،آج شروعات ہوئی جلد بڑے ڈاکو پکڑے جائیں گے،جلسے میں آئندہ کالائحہ عمل بتاؤں گا،ججزاور جے آئی ٹی ممبران قوم کے ہیروہیں۔چیئرمین پی ٹی آئی کی پریس کانفرنس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 28 جولائی 2017 16:02

سپریم کورٹ کافیصلہ:عمران خان کا اتوارکوپریڈگراؤنڈ میں یوم تشکرمنانے ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28جولائی 2017ء ) : تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اتوارکو پریڈ گراؤنڈ اسلام آباد میں یوم تشکر منانے کااعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ ثابت ہوگیاکہ عدلیہ چاہے تو طاقتورکا بھی احتساب ہوسکتا ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پاکستان میں جمہوریت مضبوط ہوئی ہے،آج شروعات ہوئی جلد بڑے ڈاکو پکڑے جائیں گے،جلسے میں آئندہ کالائحہ عمل بتاؤں گا،سپریم کورٹ کے ججزکوخراج تحسین پیش کرتاہوں جبکہ جے آئی ٹی ممبران قوم کے ہیروقرارہیں۔

انہوں نے نوازشریف کی نااہلی پرسپریم کورٹ کے فیصلے پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان عدل وانصاف کیلئے بنایاگیاتھا۔مجھے آج بہت خوشی ہے کہ آج نئے پاکستان کی بنیادرکھی گئی ہے۔نوازشریف سے میری کوئی ذاتی لڑائی نہیں ہے۔

(جاری ہے)

میں ان کی کرپشن پچھلے 40سال سے جانتاہوں۔ملک کاالمیہ یہ ہے کہ ملک میں کمزوراور امیرکیلئے الگ الگ قانون ہیں۔سپریم کورٹ کے ججزکوخراج تحسین پیش کرتاہوں جبکہ جے آئی ٹی ممبران کو قوم کے ہیروقراردیتاہوں۔

ثابت ہوگیاکہ طاقتورکابھی احتساب ہوسکتاہے۔انہوں نے کہاکہ آصف زرداری وزیراعظم ہاؤس میں ہوتے تھے توجیل سے باہر ہوتے تھے اس کے برعکس جیل میں ہوتے۔امریکن اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے مطابق ایک ہزار ارب سالانہ منی لانڈرنگ کے ذریعے ملک سے باہر جاتاہے۔موجودہ حکومت نے 10ارب ڈارکاقرض لیا۔کرپٹ افرادکے بیرون ممالک ساڑھے چھ چھ کروڑ روپے کے گھر ہیں۔

ملک کوتباہ بڑے چور کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ایک حاضر وزیراعظم جو کہ 30سال سے پاور میں ہے سپریم کورٹ نے اس کے خلاف فیصلہ دیاہے۔اس لیے سارا پاکستان خوشیاں منارہاہے۔انہوں نے کہاکہ میں آج ان سب جن کوپتاتھا کہ منی لانڈرنگ ہوئی۔جن کوپتاتھا کہ عدالت اور پبلک میں جھوٹ بولاجارہاتھا۔جن فلیٹس کا بھی پتاتھا۔میں ان کوپوچھتاہوں کہ ان کواپنے بچوں کوفکر نہیں؟میں اداروں کے سربراہان کو بھی بتاناچاہتاہوں۔

میں ان سے پوچھتاہوں کہ ان کو اس ملک میں اپنے بچوں کے مستقبل کی فکر ہے؟ہماری جے آئی ٹی نے جس اندازمیں کام کیااس طرح مغرب میں بھی نہیں ہوسکتا۔اب دوسروں کی باری بھی آئے گی۔کیونکہ یہ پیساوطن واپس آجائے تو یہ پیسا تعلیم ، صحت اور لوگوں کی فلاح و بہبودپرلگ سکتاہے۔انہوں نے اتوارکوپریڈگراؤنڈ اسلام آباد میں یوم تشکر منانے کااعلان کرتے ہوئے کہاکہ میں کرپشن کیخلاف تین سالہ تحریک میں شرکت کرنے والوں کاشکریہ اداکرتاہوں۔

21سالوں میں جو میرے ساتھ چلے تھے میں ان سب کودعوت دیتاہوں کہ وہ سب میرے ساتھ آئیں۔سوشل میڈیاٹیم کوبھی مبارکباددیتاہوں۔عمران خان نے کہاکہ شوکت کینسرہسپتال پرحملے کیے گئے۔ملک میں 95فیصد لوگ کینسرکااپنے پیسے سے علاج نہیں کرواسکتے۔اس پر انہوں نے باتیں کیں۔اگریہ باتیں سچی تھیں توآپ کوایکشن لیناچاہیے تھا۔لیکن اگر آپ نے الزامات عائد کیے ہیں اس سے بڑااور جرم کیاہوسکتا ہے؟عمران خان نے کہاکہ شوکت خانم میری کوئی شوگرمل نہیں عوام کاہسپتال ہے۔یہ قوم کے مجرم نہیں بلکہ غدار ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات