قائمہ کمیٹی میں اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین و ممبران کی جلد سے جلد تعیناتی کی متفقہ طور پر قرارداد منظور

قائمہ کمیٹی نے پرائیوٹ حج ٹوئرآپریٹر ز کے ساتھ طے شدہ 14 پیکیجز اور ٹوئرز آپریٹرز کو مکہ اور مدینہ میں درپیش مشکلات کی تفصیلات وزارت مذہبی امور سے آئندہ اجلاس میں طلب کرلی

جمعہ 28 جولائی 2017 16:19

قائمہ کمیٹی میں اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین و ممبران کی جلد سے ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 جولائی2017ء) سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین و ممبران کی جلد سے جلد تعیناتی کے لئے متفقہ طور پر قرارداد منظورکرلی۔قائمہ کمیٹی نے پرائیوٹ حج ٹوئرآپریٹر ز کے ساتھ طے شدہ 14 پیکیجز اور ٹوئرز آپریٹرز کو مکہ اور مدینہ میں درپیش مشکلات کی تفصیلات وزارت مذہبی امور سے آئندہ اجلاس میں طلب کرلی۔

قائمہ کمیٹی کا اجلاس بروز جمعہ پارلیمنٹ لاجز میں چیئرمین کمیٹی سینیٹر مولانا حافظ حمداللہ کی زیر صدارت منعقد ہوا ۔ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں گزشتہ اجلاسوں میں دی گئی سفارشات پر عمل درآمد کے علاوہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں نئے ٹوئر آپریٹرز کو دیئے گئے حج کوٹہ کے معاملات کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

قائمہ کمیٹی کو سیکرٹری مذہبی امور نے گزشتہ اجلاس می دی گئی سفارشات کے حوالے سے تفصیل سے آگا ہ کیا۔

رویت ہلال کو حتمی شکل دینے کے حوالے سے کمیٹی کو بتایا گیا کہ کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں رویت ہلال سے متعلق قانون سازی کے لیے تمام صوبائی محکموں کے ساتھ مشاورت کی ہے اور کمیٹی کی سفارشات پر اتفاق کرتے ہوئے مسودہ بل قانون وزارت کو نظر ثانی کے لیے بھیج دیا ہے۔ رویت ہلال کی کمیٹی کے حوالے سے بتایا گیا کہ تمام صوبوں کو آئین کی شق 144کے تحت صوبائی اسمبلیوں سے قرارداد پاس کرانے کی درخواست کی ہے ۔

جس کی روشنی میں خیبر پختونخوا کی صوبائی اسمبلی نے پورے ملک میں رویت ہلال پر قانون سازی کرنے کے لیے پارلیمنٹ کی حمایت میں قرارداد پا س کی ہے۔ جس پر چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ وزارت مذہبی امور باقی صوبوں سے بھی جلد سے جلد قرارداد منظور کرانے کے لیے اقدامات اٹھائے۔ چیئرمین کمیٹی مولانا حافظ حمد اللہ نے کہا کہ علماء کے ایک وفد نے بتا یا ہے کہ شہاب الدین پوپلزئی کو غیر آئینی طور پر ملک بدر کرکے اگست تک ملک میں نہ آنے کی دھمکی دی گئی ہے ۔

ہمارے علم یہ بات آئی ہے کہ انہیں زبردستی ملک بدر کیا گیاہے ۔ کمیٹی ایسے اقدام کی سخت مذمت کرتے ہوئے مذمتی قرارداد پاس کرتی ہے۔ اختلاف رائے رکھنا ہر ایک شہری کا حق ہے اور کمیٹی سفارش کرتی ہے کہ انہیں جلد سے جلد عزت کے ساتھ ملک میں لایا جائے اور کمیٹی یہ بھی سفارش کرتی ہے کہ رویت ہلال کمیٹی کی ضلعی سطح پر ڈپٹی کمشنر کو بھی شامل کیا جائے ۔

سینیٹر باز محمد نے کہا کہ ملک بدری کی تحقیقات کرائی جائے کہ کون لوگ ملوث ہیں ۔ سینیٹر صالح شاہ نے کہا کہ وزارت مذہبی امور خود شہاب الدین کی گم شدگی پر اقدامات اٹھاتی ۔ جس پر وزیر مملکت پیر محمد امین الحسانات نے کمیٹی کو بتایا کہ یہ بات ان کے علم میں نہیں ہے اور یہ معاملہ انتظامی ہے وزارت داخلہ سے معلومات حاصل کریں گے ۔ زبردستی اور طاقت کے بلبوتے پر کسی کو ملک بدر کرنا آئین و قانون کے خلاف ہے ۔

اراکین کمیٹی نے مرکزی رویت ہلال کمیٹی پر بھی تحفظا ت کااظہا رکرتے ہوئے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخواہ کے بے شمار علاقوں سے چاند دیکھنے کی شہادتیں موصول ہوتی ہیں مگر مرکزی رویت ہلال کمیٹی اپنا فیصلہ دیتی ہے ۔قائمہ کمیٹی نے وزارت اور حج گروپ آرگنائزرز کے درمیان معاہدے کا بھی تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے منظو ر کیے گئے 14 پیکجز اور ٹورز آپریٹر کو درپیش مسائل کی تفصیلات آئند اجلاس میں طلب کر لیں ۔

قائمہ کمیٹی کو بتایا گیا کہ سرکاری حج پیکج 2 لاکھ60 ہزار سے 2 لاکھ 80 ہزار کا ہے جبکہ پرائیوٹ ٹورز آپریٹرز 3 لاکھ80 ہزار سے 10 لاکھ35 ہزار کا پیکج فراہم کرتے ہیں ۔ مدینہ اور جدہ ایئر پورٹ پر استقبالیہ دفاتر بنائے گئے ہیں جو 24 گھنٹے حجاج کی مدد کریں گے ۔ فوڈ مینو پچھلے سال کی نسبت بہتر کیا گیا ہے ، حجاج کی کلیئرنس کا نظام بھی بہتر کر دیا گیا ہے ۔

دو ہسپتال اور ہر سیکٹر میں ایک ڈسپنسری قائم کی گئی ہے پانچ موبائل ڈسپینسریاں بھی بنائی گئی ہیں ۔ حجاج کیلئے نئے ماڈل کی ایئر کنڈیشنر بسوں اور ایئر کنڈیشن رہائش گاہوں کا انتظام کیا گیا ہے ۔ قائمہ کمیٹی نے جہازوں میں وضو اور نماز کی جگہ بنانے کی بھی ہدایت کر دی ۔ قائمہ کمیٹی کو بتایا گیا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات کی روشنی میں پرائیوٹ ٹورز آپریٹر حج کوٹہ فراہم کیا گیا ہے ۔

سپریم کورٹ کے فیصلوں پر عملدرآمد کیلئے حج پالیسی فارمولیشن کمیٹی کی تین میٹنگز منعقد ہو ئی ہیں ۔ 40 فیصد کوٹے میں سے نے ٹورز آپریٹر کیلئے 2 فیصد کوٹہ مختص کیا ہے ۔ اور چارٹرڈ اکائونٹنٹ فرمز کی جانب سے طے کی گئی میرٹ لسٹ کے مطابق کوٹہ تقسیم کیا ہے ۔ اور حج کے تجربے کی مد میں دیئے گئے نمبرز کو زیر غو رنہیں لایا گیا ۔ 29 کمپنیوں کو آفر لیٹر جاری کیے ہیں جس پر چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ یہ 29 کمپنیاں لاہور، کراچی اور اسلام آباد سے تعلق رکھتی ہیں اور ان 29 کمپنیوں میں صرف18 کراچی کی ہیں جس کا کمیٹی کو سخت اعتراض ہے ۔

پسماندہ علاقوں کو بھی زیر غور لیا جانا چاہیے تھے ۔ قائمہ کمیٹی نے اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین اور ممبران کی جلد سے جلد تقرری کے حوالے سے ایک قرار داد بھی پاس کی اجلاس میں باز محمد خان ، محمد صالح شاہ ، اشوکت کمار ، گیان چند، وزیر مملکت پیر محمد امین الحسنات ، سیکرٹری و ایڈیشنل سیکرٹری مذہبی امور کے علاوہ دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔