قائمہ کمیٹی مواصلات کا ڈاکخانہ جات میں خدمات کے اصلاحاتی ایجنڈے پر عملدرآمد نہ کرنے پر سخت ناراضگی کا اظہار

وزارت مواصلات کو 15 دنوں کے اندر اصلاحات پر عملدرآمد بارے کمیٹی کو تحریری طور پرآگاہ کرنے کہ ہدایت

جمعہ 28 جولائی 2017 16:15

قائمہ کمیٹی مواصلات کا ڈاکخانہ جات میں خدمات کے اصلاحاتی ایجنڈے پر ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 جولائی2017ء) سینیٹ قائمہ کمیٹی مواصلات کے چئیرمین داؤد خان اچکزئی نے ڈاکخانہ جات میں خدمات کے اصلاحاتی ایجنڈے پر عملدرآمد نہ کرنے پر سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے وزارت مواصلات کو 15 دنوں کے اندر اصلاحات پر عملدرآمد بارے کمیٹی کو تحریری طور پرآگاہ کرنے کہ ہدایت کر دی۔جمعہ کو سینیٹ قائمہ کمیٹی مواصلات کے چیئرمین سینیٹر داؤد خان اچکزئی نے ڈاکخانہ جات میں 7 خدمات کے اصلاحاتی ایجنڈے پر عملدرآمد نہ کرنے پر سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کمیٹی چار سال سے ان خدمات پر عملدرآمد کیلئے سفارشات بجھوا رہی ہے۔

ڈاکخانہ جات میں کمپیوٹر نظام کیلئے 7 ماہ کا وقت بھی ختم ہوگیا ہے۔ 15 دنوں کے اندر اصلاحات پر عملدرآمد بارے کمیٹی کو تحریری طور پرآگاہ کیا جائے۔

(جاری ہے)

ڈی جی پوسٹل سروسز نے بتایا کہ وزارت خزانہ نے اس سال بھی ضرورت سے کم بجٹ دیا گیا ہے۔ محکمہ کو 17 ارب سے زائد بجٹ کی ضرورت ہے۔ وزارت خزانہ سے 23 ارب روپے کا بجٹ مانگا گیا لیکن پورا بجٹ فراہم نہیں کیا گیا۔

ملک بھر میں موجود 13 ہزار ڈاکخانہ جات کی کئی سال سے مرمت نہیں کی جا سکی۔ موجود وسائل میں پرائیوٹ کمپنیوں کا مقابلہ نہیں کیا جا سکتا۔ پینشنز سے بڑی آمدن ہوتی ہے۔ چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ پینشنز کی سہولیات میں اضافے کیلئے اقدامات نہیں اٹھائے جارہے۔ سینیٹر کامل علی آغا نے کہا کہ پینشنز کو اے ٹی ایم کارڈز نہیں ملے تو سفارشات کا کوئی فائدہ نہیں۔

جس پر ڈی جی پوسٹل سروسز نے بتایا کہ تین حصوں میں ڈاکخانہ جات کی سہولیات میں اضافہ کیا جائے گا۔ بڑے شہروں کے 85 جی پی اوز میں پینشنز کا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کر دیا گیا ہے اور پنشن کا ریکارڈ مرکزی نظام کے ساتھ منسلک کر دیا گیا ہے۔ چیئرمین این ایچ اے نے بتایا کہ نوشکی بائی پاس کا ٹینڈ جلد کر دیا جائے گااور این ایچ اے کے فارغ کیے گئے پراجیکٹ ملازمین میں سے کچھ کنسلٹنٹ نے بحال کر دیئے ہیں اور کچھ کا معاملہ زیر غور ہے۔

چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ پراجیکٹ سے برطرف ملازمین کو انسانی ہمدردی پر واپس ملازمت میں رکھ لیا جائے۔ سینیٹر جہانزیب جمال دینی نے کہا کہ مقامی نوجوانوں میں سے میرٹ کے ذریعے کنٹریکٹ بھرتی کر لی جائے۔ کمیٹی کے آج کے اجلاس میں سینیٹر میر محمد یوسف بادینی ، جہانزیب جمال دینی ، کامل علی آغا، سیکرٹری وزارت ، چیئرمین این ایچ اے ، ڈی جی پوسٹل سروسز نے شرکت کی۔