نواز شریف کے خلاف سپریم کورٹ کے فیصلے سے سی پیک کی حامی قوتوں کو دھچکا لگا ،مولانا فضل الرحمن

جمعہ 28 جولائی 2017 16:08

نواز شریف کے خلاف سپریم کورٹ کے فیصلے سے سی پیک کی حامی قوتوں کو دھچکا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 جولائی2017ء) جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ محمد نواز شریف کے خلاف سپریم کورٹ کے فیصلے سے سی پیک کی حامی قوتوں کو دھچکا لگا ہے‘ ہم اب بھی حکومتی اتحادی ہیں‘ سیاسی مستقبل کے حوالے سے نئے فیصلوں کا وقت ہے نواز شریف کو فیصلے کو تسلیم کرکے ملک کو سیاسی بحران سے بچانے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ نواز شریف کی نااہلی کے بارے میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر تحفظات اپنی جگہ تاہم وزیراعظم نے فیصلے کی تعمیل کرکے عدالت‘ آئین‘ قانون کا احترام کیا ہے اور ملک میں سیاسی بحران پیدا کرنے کی کوشش نہیں کی۔

(جاری ہے)

مستقبل میں آئین کے مطابق فیصلے ہونگے۔

جمہوریت کو نقصان نہیں پہنچنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے تسلسل ہی سے جمہوری ادارے مضبوط ہوسکتے ہیں اب بھی ہم حکومت اور نواز شریف کے اتحادی ہیں متحدہ مجلس عمل کی بحالی کا اصولی اتفاق کیا گیا ہے تفصیلات و جذیات کو طے کرنے کے بارے میں مشاورت ہورہی ہے۔ تمام دینی جماعتیں غیر مشروط طور پر ایم ایم اے کی بحالی پر متفق ہیں۔ سب کے جذبات ایک جیسے ہیں مستقبل کے حوالے سے فیصلے ہونے ہیں مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ وزیراعظم کے خلاف عدالت عظمیٰ کے فیصلے سے پاک چین اقتصادی راہداری کی حامی قوتوں کو دھچکا لگا۔