حج 2017ء، فلائیٹ آپریشن 26 اگست تک مکمل کرلیا جائے گا،

17 ہزار سے زائد عازمین حج حجاز مقدس پہنچ چکے،وزارت مذہبی امور

جمعہ 28 جولائی 2017 15:26

حج 2017ء، فلائیٹ آپریشن 26 اگست تک مکمل کرلیا جائے گا،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جولائی2017ء) حج 2017ء کے فلائیٹ آپریشن کے تحت اب تک 17 ہزار سے زائد عازمین حج حجاز مقدس پہنچ چکے ہیں۔ حج سے قبل فلائیٹ آپریشن 26 اگست تک مکمل کرلیا جائے گا۔ وزارت مذہبی امور کے مطابق رواں سال سرکاری سکیم کے تحت ایک لاکھ 7 ہزار سے زائد عازمین فریضہ حج ادا کریں گے جبکہ مجموعی طور پر ایک لاکھ 79 ہزار 210 پاکستانی فریضہ حج ادا کریں گے۔

رواں سال وزارت مذہبی امور نے حج انتظامات کو مزید بہتر بنانے کے لئے ماضی کے مقابلے میں مزید بہتر انتظامات کئے ہیں جس کی وجہ سے توقع کی جا رہی ہے کہ حج 2017ء مزید بہتر ہوگا۔ حاجیوں کی گمشدگی اور نقل و حمل کو بہتر بنانے کے لئے بھی انتظامات کئے گئے ہیں۔ پاکستانی عازمین حج کے لئے سعودی عرب میں اینڈرائیڈ فون سسٹم کے تحت ایک نظام قائم کیا گیا ہے جس کے تحت حاجیوں کی گمشدگی کے مسئلہ کو بہتر طور پر حل کرنے میں مدد ملے گی اور حج انتظامات کے حوالے سے شکایات کا بروقت ازالہ کیا جا سکے گا۔

(جاری ہے)

تمام پاکستانی عازمین حج سے کہا گیا ہے کہ وہ اس ایپلی کیشن کو اپنے اینڈرائیڈ موبائل فون پر ڈائون لوڈ کریں جس کے لئے وزارت مذہبی امور کی ویب سائیٹ www.hajjinfo.org سے رہنمائی لی جا سکتی ہے۔ حج فلائیٹ آپریشن ملک کے آٹھ شہروں سے جاری ہے جن میں اسلام آباد، لاہور، کراچی، کوئٹہ، پشاور، سکھر، ملتان اور فیصل آباد شامل ہیں۔ ان شہروں سے پی آئی اے، ایئر بلیو، شاہین ایئر انٹرنیشنل اور سعودی ایئر لائن کی پروازیں عازمین حج کو حجاز مقدس پہنچانے کے لئے فلائیٹ آپریشن میں حصہ لے رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :