نواز شریف کی نااہلی کے خلاف لاہور میں کئی مقامات پر احتجاج،

گڑھی شاہو میں لیگی ایم پی اے بیہوش

جمعہ 28 جولائی 2017 14:59

نواز شریف کی نااہلی کے خلاف لاہور میں کئی مقامات پر احتجاج،
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 جولائی2017ء) سابق وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی کے فیصلے کے خلاف لاہور میں کئی مقامات پر احتجاج کیا گیا، گڑھی شاہو میں احتجاج کے دوران لیگی ایم پی اے بے ہوش ہو گئے، ایگل چوک پر مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے دھرنا دیا اور ٹائر جلائے، کارکنوں کے مال روڈ پر آنے کے باعث سڑک بلاک کر دی ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کی نا اہلی کے فیصلے کے بعد مختلف شہروں میں لیگی کارکنوں نے احتجاج شروع کر دیا جبکہ پی ٹی آئی کارکنوں نے جشن منایا اور مٹھائیاں تقسیم کیں، لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے ٹھوکر نیاز بیگ پر احتجاج کیا، گڑھی شاہو میں احتجاج کے دوران لیگی ایم پی اے وحید گل بے ہوش ہو گئے۔

لیگی کارکنان مال روڈ پر آ گئے جس کے باعث روڈ بلاک ہو گئی، شاہدرہ میں بھی سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف لیگی کارکنوں نے احتجاج کیا، ایم این اے ملک ریاض کی قیادت میں ٹائر جلا کر روڈ بلاک کرایا گیا جبکہ ایگل چوک پر (ن) لیگی کارکنوں نے دھرنا دیا اور ٹائر بھی جلائے۔