مسلم لیگ (ن) ملک کی سب سے بڑی طاقت ہے،

وہ وقت دور نہیں جب نواز شریف چوتھی بار وزیراعظم منتخب ہوں گے، جمہوری اور تاریخی پس منظر کو دیکھتے ہوئے سپریم کورٹ کا فیصلہ نیا نہیں ، قانونی ماہرین کی مشاورت سے اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے، وزیر مملکت ا طلاعات مریم اورنگزیب کی میڈیا سے گفتگو

جمعہ 28 جولائی 2017 14:59

مسلم لیگ (ن) ملک کی سب سے بڑی طاقت ہے،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 جولائی2017ء) وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) ملک کی سب سے بڑی طاقت ہے، وہ وقت دور نہیں جب نواز شریف چوتھی بار وزیراعظم منتخب ہوں گے، جمہوری اور تاریخی پس منظر کو دیکھتے ہوئے سپریم کورٹ کا فیصلہ نیا نہیں ہے، قانونی ماہرین کی مشاورت سے اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

جمعہ کو سپریم کورٹ میں پانامہ کیس فیصلے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ جمہوری تاریخی پس منظر کو دیکھتے ہوئے یہ فیصلہ نیا نہیں ہے، اس فیصلے سے ہمیں افسوس ضرور ہوا ہے، کچھ فیصلے تاریخ اور عوام کے ہوتے ہیں، آج بظاہر تو ہم ہارگئے لیکن بہت فیصلے جیت گئے ہیں،مسلم لیگ (ن) ایک حقیقت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نواز شریف تاریخ میں عوام کے سامنے ہمیشہ سرخرو ہوئے ہیں، مسلم لیگ (ن) ملک کی سب سے بڑی طاقت ہے، پورے ملک میں ہمارے سب سے زیادہ کارکن ہیں، تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی نواز شریف کو سیاسی منظر سے ہٹایا گیا، پاکستان کی عوام پہلے سے زیادہ طاقت سے نواز شریف کو واپس پارلیمنٹ میں لے کر آئے۔

مسلم لیگ (ن) اس فیصلے کی تفصیلات کو دیکھے گی، قانونی ماہرین کی مشاورت سے اگلے لائحہ عمل کا فیصلہ کرے گی۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ ایک پیسے کی بھی کرپشن ثابت نہ ہو سکی، نواز شریف کی جب بھی مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں جو کچھ بھی ہوا عوام سب جانتی ہے، وہ وقت دور نہیں جب نواز شریف چوتھی بار وزیراعظم منتخب ہوں گے۔