وزیراعظم نواز شریف اپنے عہدے سے سبکدوش ہوگئے، وفاقی کابینہ بھی تحلیل ہوگئی۔ترجمان مسلم لیگ (ن)

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 28 جولائی 2017 14:25

وزیراعظم نواز شریف اپنے عہدے سے سبکدوش ہوگئے، وفاقی کابینہ بھی تحلیل ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔28 جولائی۔2017ء) پاناما لیکس کیس کے سلسلے میں سپریم کورٹ کی جانب سے نااہل قرار دیے جانے کے بعد وزیراعظم نواز شریف اپنے عہدے سے سبکدوش ہوگئے، جس کے بعد وفاقی کابینہ بھی تحلیل ہوگئی۔ترجمان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ تحفظات کے باوجود سپریم کورٹ کا فیصلہ تسلیم کرلیا۔

بیان میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر باضابطہ ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ پٹیشن کے اندراج کے فیصلے سے لے کر فیصلے تک مختلف مراحل پر شدید تحفظات کے باوجود اس فیصلے پر عمل درآمد کیا جائے گا۔ترجمان نے کہا ہے کہ فیصلے کے فوراً بعد نواز شریف بطور وزیراعظم اپنی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہوگئے ہیں۔ترجمان مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ پورے عدالتی عمل کے دوران ایسی مثالیں قائم ہوئی ہیں، جن کی کوئی نظیر ماضی کی 70 سالہ تاریخ میں نہیں ملتی۔

(جاری ہے)

ترجمان نے مزید کہا کہ فیصلے کے بارے میں اپنے شدید تحفظات کے حوالے سے تمام آئینی و قانونی آپشنز استعمال کیے جائیں گے۔ بیان میں کہا گیا کہ منصفانہ ٹرائل کے آئینی اور قانونی تقاضے بری طرح پامال کیے گئے، ہمارے ساتھ ناانصافی ہوئی، اس فیصلے پر تاریخ کا فیصلہ ہی اصل فیصلہ ہوگا اور انشاءاللہ محمد نواز شریف اللہ اور عوام کی عدالت میں سرخرو ہوں گے۔واضح رہے کہ وزیراعظم کے عہدے سے سبکدوش ہوتے ہی وفاقی کابینہ بھی تحلیل ہوگئی جبکہ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق قائم مقام وزیراعظم ہوں گے۔