Live Updates

فوجی آمر کا بنایا گیا قانون 62,63 نواز شریف اور دیگر سیاستدانوں پر لاگو کیا گیا

یہ قانون ججوں پر لاگو کیا جائے تو کوئی جج عدلیہ میں رہنے کے قابل نہیں ہوگا، 62,63 کے تحت اگر عمران خان کو بھی نااہل قرار دیا گیا تو میں اس کی بھی شدید مخالفت کروں گی‘ سیاستدانوں کو سمجھ آجانی چاہئے کہ انکے سیاسی رول کو کم کرنے کیلئے کا کھیل کھیلا گیا ہے،سپریم کورٹ بار کی سابق صدر سینئر وکیل عاصمہ جہانگیر کا سپریم کورٹ فیصلے پر ردعمل

جمعہ 28 جولائی 2017 14:08

فوجی آمر کا بنایا گیا قانون 62,63 نواز شریف اور دیگر سیاستدانوں پر لاگو ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 جولائی2017ء) سپریم کورٹ بار کی سابق صدر سینئر وکیل عاصمہ جہانگیر نے کہا ہے کہ جس طرح فوجی آمر ضیاء الحق کا بنایا گیا قانون 62,63 نواز شریف اور دیگر سیاستدانوں پر لاگو کیا گیا ہے اگر یہ ججوں پر لاگو کیا جائے تو میں دیکھتی ہوں کونسا جج عدلیہ میں رہنے کے قابل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اگر 62,63 کے تحت اگر عمران خان کو بھی نااہل قرار دیا گیا تو میں اس کی بھی شدید مخالفت کروں گی‘ سیاستدانوں کو یہ بات سمجھ آجانی چاہئے کہ انکے سیاسی رول کو کم کرنے کے لئے کیا کھیل کھیلا گیا ہے۔

سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد مختلف ٹی وی چینلز پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے عاصمہ جہانگیر نے کہا کہ نواز شریف کے وکلاء نے یہ کیس صرف قانونی طریقے سے لڑنے کی کوشش کی یہ ایک قانونی نہیں سیاسی کیس تھا اور اسے سیاسی انداز سے بھی لڑنا چاہئے تھا۔

(جاری ہے)

سیاستدان ہمیشہ سیاست میں رہتا ہے نواز شریف کو چاہئے کہ وہ پارٹی کو متحد رکھیں ‘ عوام میں نکلیں جب ان سے یہ سوال کیا گیا کہ 62,63 کے تحت نواز شریف کی نااہلی پر آپ تنقید کررہی ہیں اگر عمران خان کے خلاف بھی ایسا فیصلہ آیا تو آپ کا کیا ردعمل ہوگا تو عاصمہ جہانگیر نے کہا کہ میں اس وقت بھی مخالفت کروں گی کیونکہ سیاستدانوں کو مسترد کرنے کا اختیار عوام کے پاس ہونا چاہئے اور عوام کے پاس ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں یہاں برملا اس بات کا اظہار کررہی ہوں کہ ایک فوجی ڈکٹیٹر ضیاء الحق کا بنایا گیا قانون 62,63 جس طرح سیاستدانوں پر لاگو کیا جارہا ہے اگر اسی طرح یہ قانون ججوں پر لاگو کیا جائے تو میں دیکھتی ہوں کونسے جج عدلیہ میں رہنے کے قابل ہونگے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات