پانامہ کیس، محمد نواز شریف بطور وزیراعظم اپنی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہوگئے

شدید تحفظات کے باوجود فیصلے پر عمل درآمد کیا جائے گا ، تحفظات کے حوالے سے تمام آئینی اور قانونی آپشنز استعمال کئے جائیں گے،ترجمان وزیراعظم ہائوس کا سپریم کورٹ فیصلے پر باضابطہ ردعمل

جمعہ 28 جولائی 2017 14:08

پانامہ کیس، محمد نواز شریف بطور وزیراعظم اپنی ذمہ داریوں سے سبکدوش ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 جولائی2017ء) پانامہ کیس فیصلے کے بعد وزیراعظم محمد نواز شریف بطور وزیراعظم اپنے ذمہ داریوں سے سبکدوش ہوگئے‘ فیصلے کے بارے میں شدید تحفظات کے حوالے سے تمام آئینی اور قانونی آپشنز استعمال کئے جائیں گے۔ جمعہ کو ترجمان وزیراعظم ہائوس نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر باضابطہ ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پٹیشن کے اندراج سے لے کر فیصلے تک مختلف مراحل پر شدید تحفظات کے باوجود فیصلے پر عمل درآمد کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

پورے عدالتی عمل کے دوران ایسی مثالیں قائم ہوئی ہیں جن کی کوئی نظیر ماضی کی ستر سالہ تاریخ میں نہیں ملتی۔ ترجمان نے کہا فیصلے کے بارے میں اپنے شدید تحفظات کے حوالے سے تمام آئینی اور قانونی آپشنز استعمال کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ منصفانہ ٹرائل کے آئینی اور قانونی تقاضے بری طرح پامال کئے گئے۔ ہمارے ساتھ ناانصافی ہوئی اس فیصلے پر تاریخ کا فیصلہ ہی اصل فیصلہ ہوگا۔ انشاء الله محمد نواز شریف الله اور عوام کی عدالت میں سرخرو ہونگے۔