نائب امریکی وزیرِ خارجہ رواں ماہ پاکستان اور بھارت کا دورہ کریں گی

ایلس ویلز کا خطے کا یہ پہلا دورہ ہوگا جو 30 جولائی سے آٹھ اگست تک جاری رہے گا،امریکی محکمہ خارجہ

جمعہ 28 جولائی 2017 13:13

نائب امریکی وزیرِ خارجہ رواں ماہ پاکستان اور بھارت کا دورہ کریں گی
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 جولائی2017ء) امریکہ کی عبوری نائب وزیرِ خارجہ برائے جنوبی اور وسطی ایشیا ایلس ویلز رواں ماہ پاکستان اور بھارت کا دورہ کریں گی۔امریکی میڈیا کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری کیے جانے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ایلس ویلز کا خطے کا یہ پہلا دورہ ہوگا جو 30 جولائی سے آٹھ اگست تک جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

بیان کے مطابق ایلس ویلز جو پاکستان اور افغانستان کے لیے امریکہ کی عبوری نمائندہ خصوصی کی ذمہ داریاں بھی ادا کر رہی ہیں نئی دہلی اور اسلام آباد کے اپنے دوروں کے دوران سرکاری حکام، دانشوروں اور کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں کریں گی۔اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے بیان کے مطابق دوروں کے دوران نئی دہلی اور اسلام آباد میں واقع امریکی سفارت خانوں کا عملہ ایلس ویلز کو خطے میں امریکی مفادات اور امریکی اقدامات سے متعلق بریفنگ بھی دے گا۔ایلس ویلز یہ دورہ ایک ایسے وقت کر رہی ہیں جب ٹرمپ انتظامیہ افغانستان سے متعلق اپنی حکمتِ عملی کو حتمی شکل دینے میں مصروف ہے۔