سپریم کورٹ کا حتمی فیصلہ جو بھی ہو ہم نواز شریف کے ساتھ کھڑے تھے کھڑے رہینگے، نواز شریف ایک شخصیت کا نام نہیں بلکہ ایک عہد کا نام ہے ، سپریم کورٹ سے بھرپور توقع ہے کہ حتمی فیصلہ پاکستان کے حق میں آئیگا

صوبائی ترجمان مسلم لیگ( ن) گلگت بلتستان اشرف صدا اوررکن جی بی کونسل وزیر اخلاق حسین کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 27 جولائی 2017 23:16

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 جولائی2017ء) صوبائی ترجمان مسلم لیگ ن گلگت بلتستان و چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی گلگت بلتستان کونسل اشرف صدا اوررکن جی بی کونسل وزیر اخلاق حسین نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا حتمی فیصلہ جو بھی ہو ہم میاں نواز شریف کے ساتھ کھڑے تھے کھڑے رہینگے۔ نواز شریف ایک شخصیت کا نام نہیں بلکہ ایک عہد کا نام ہے ، سپریم کورٹ سے بھرپور توقع ہے کہ حتمی فیصلہ پاکستان کے حق میں آئیگا یہ بات انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف جاری اندرونی اور بیرونی سازشوں کے پیش نظر یقینا وطن عزیز کی بھی اندرونی انتشار کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ پاکستان جب بھی ترقی کی راہ پر گامزن ہوتا ہے تو ملک کے خلاف اندرونی اور بیرونی سازشیں شروع ہو جاتی ہیں۔

(جاری ہے)

ان سازشوں کے خلاف صرف مسلم لیگیوں کو نہیں بلکہ ریاست کے تمام ذمہ دار اداروں اور پوری قوم کو یکجا ہونا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے گزشتہ چار سالوں میں بیمار معیشت اور زخموں سے چورپاکستان میں دہشتگردی و انتہا پسندی کو لگام دیتے ہوئے ملکی معیشت کو بحال کیا ہے۔ سی پیک جیسے عظیم منصوبے کے ذریعے پوری دنیا میں پاکستان کی اہمیت واضح کر دیا ہے۔ میاں نواز شریف کے چار سالہ دور حکومت میں گلگت بلتستان میں نہ صرف امن کا قیام ممکن ہوا بلکہ اربوں روپے کے میگا پراجیکٹس کے ذریعے گلگت بلتستان تعمیر و ترقی کی نئے دور میں داخل ہونے جا رہا ہے۔

مسلم لیگ ن گلگت بلتستان کا ہر نظریاتی رکن اور باشعور عوام میاں محمد نواز شریف کی دلیرانہ و مدبرانہ قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مضبوط وفاق، مستحکم و پرامن پاکستان اور سی پیک جیسے گیم چینجر کیلئے ضمانت تصور کرتا ہے۔ انتشار ی سیاست کی حوصلہ شکنی کے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔ ہمیں یقین ہے کہ سپریم کورٹ میں فیصلہ کسی فرد کے حق میں یا خلاف نہیں بلکہ دنیا کی تیزی سے بدلتی ہوئی صورت حال اور پاکستان کے خلاف جاری عالمی و بیرونی سازشوں کے تناظر میں پاکستان اور پاکستان کے قوم کے حق میں ہو گا۔