بدعنوانی کے خاتمے کیلئے نیب کی حکمت عملی کے نہایت عمدہ نتائج سامنے آرہے ہیں،قمر زمان چوہدری

کارکردگی میں بہتری اوربہتر نتائج کے حصول کیلئے نیب نے نگرانی اورجائزے کا جدید ترین نظام وضع کرلیاہے، بدعنوانی کے خاتمے کیلئے نیب مکمل پیشہ وارانہ اورشفاف انداز میں مصروف عمل ہے، چیئرمین نیب

جمعرات 27 جولائی 2017 22:58

بدعنوانی کے خاتمے کیلئے نیب کی حکمت عملی کے نہایت عمدہ نتائج سامنے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 جولائی2017ء) قومی احتساب بیورو کے چیرمین قمرزمان چوہدری نے کہاہے کہ بدعنوانی کے خاتمے کیلئے نیب کی حکمت عملی کے نہایت عمدہ نتائج سامنے آرہے ہیں، کارکردگی میں بہتری اوربہتر نتائج کے حصول کیلئے نیب نے نگرانی اورجائزے کا جدید ترین نظام وضع کرلیاہے، نیب مکمل پیشہ وارانہ اورشفاف انداز میں میرٹ پر بدعنوانی کے خلاف مصروف عمل ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیب کے ہیڈکوارٹرز میں ادارے کی نگرانی اورجائزہ نظام سے متعلق پیش رفت پرمنعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس کے دوران مانیٹرنگ اینڈ ایولویشن (ایم اینڈ ای) کیلئے چیرمین کے مشیرنے نیب نے نگرانی اورجائزہ نظام کے طریقہ کار اور پیش رفت اورمستقبل میں اس کی موثرہونے بارے پریزینٹیشن پیش کی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ چئیرمین نیب کی ہدایت پر نگرانی اور جائزے کا یہ نظام وضع کرلیا گیاہے جس میں تمام متعلقہ فریقوں کی بنیادی ضروریات اورتقاضوں کوملحوظ خاطررکھا گیاہے،اس نظام کے تحت ہر مرحلے پر معلومات کا اندراج، جس میں شکایت کا اندراج، شکایت کی تصدیق، انکوائری، تحقیقات، مقدمہ چلانے کا مرحلہ، علاقائی بیوروز میں کارروائی کا ریکارڈ، ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاسوں کی کارروائی بشمول کیس بریف اورفیصلوں کا مکمل ریکارڈ محفوظ کیا جاتاہے۔

اس نظام کے تحت معیاری اورمقداری بنیادوں پرمعلومات کا تجزیہ کیا جاتاہے اور قوانین کی خلاف ورزی کی صورت میں تنبیہی نظام ازخود فعال ہوجاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ چیئرمین نیب کا منصب سنبھالنے کے بعد قمرزمان چوہدری نے شکایات پر بروقت اورموثر عمل درآمد کیلئے ’’سیٹیزن فرینڈلی نیب‘‘ کے نام سے ایک اقدام شروع کیاہے جس کے تحت بدعنوانی کے خلاف شکایات کی صورت میں جدید ترین ٹیکنالوجی کو استعمال میں لاتے ہوئے ان درخواستوں پر کارروائی کی جاتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ ’’سیٹیزن فرینڈلی نیب‘‘ اورنگرانی وجائزے کے نظام(ایم ای ایس) کے اشتراک کارسے مبنی بر نظام شکایت اندراج کا سلسلہ شروع ہوچکاہے جس میں شہریوں کو اپنی درخواستوں کے سلسلے میں تمام ضروری معلومات بشمول انفرادی شناختی نمبر فراہم ہورہاہے ، اس اقدام سے درخواست گزاروں کو شکایت کے اندراج کی تاریخ اور اس ضمن میں ہونے والی پیش رفت سے فوری طورپر آگاہ رکھنے میں مدد مل رہی ہے۔

چیئرمین نیب نے اس موقع پربتایا کہ نیب شکایت پر کارروائی کرنے والا ادارہ ہے، ’’سیٹیزن فرینڈلی نیب‘‘کا بنیادی مقصد درخواست گزاروں کو اپنی شکایات سے متعلق بنیادی نوعیت کی معلومات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ شکایات پر کارروائی منصفانہ اورمیرٹ کی بنیاد پر آگے بڑھانا ہے، اس اقدام سے نہ صرف شہریوں کوسہولیات فراہم ہوگی بلکہ نیب اہلکاروں کے اعتماد میں اضافہ بھی ہوگا اورآزادانہ، منصفانہ اورشفاف انداز میں کام کرسکیں گے۔

انہوں نے کہاکہ سٹریٹیجک منصوبہ بندی اورکارگردی میں بہتری کیلئے نیب کا نگرانی اورجائزہ کانظام قابل تعریف ہے،اس کے علاوہ پیش رفت کی معلومات اور ماضی،موجودہ اورمستقبل میں فیصلہ سازی کے عمل میں یہ اہم انتظامی عنصر ہے۔انہوں نے نیب کی انتظامیہ میں مختلف درجات میں فیصلوں پر مکمل عمل درآمد کیلئے رابطوں اوراشتراک کار کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے جائزے اورنگرانی کے نظام وضع کرنے اوراس پر عمل درآمد میں ایم ای ایس کیلئے چئیرمین کے مشیر کی کاوشوں کو سراہا اور کہاکہ قومی احتساب بیورو آزادانہ، منصفانہ، غیرجانبدارانہ اورمیرٹ پرمبنی انداز میں کام کرتے ہوئے بدعنوانی کوجڑ سے اکھاڑ پھینکنے میں پرعزم ہے۔انہوں نے کہاکہ نیب راولپنڈی میں نگرانی اورجائزہ نظام کے پائلٹ پراجیکٹ کی کامیابی کے بعد اب اس نظام کو نیب کے دیگر علاقائی بیوروز تک وسعت دی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :