کراچی پاکستان کا دل ہے اس کے شہریوں کو پانی کی فراہمی و نکاسی آب کی بہتر سہولیات بہم پہنچانا ناگزیر ہے،قومی اسمبلی کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے پلاننگ و ڈیولپمنٹ کے چئیرمین و اراکین

جمعرات 27 جولائی 2017 22:52

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 جولائی2017ء) قومی اسمبلی کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے پلاننگ و ڈیولپمنٹ کے چئیرمین و اراکین نے کہا ہے کہ کراچی پاکستان کا دل ہے اس کے شہریوں کو پانی کی فراہمی و نکاسی آب کی بہتر سہولیات بہم پہنچانا ناگزیر ہے، کراچی کیلئے اضافی پانی کی فراہمی کا منصوبہ کے فور اور نکاسی آب کے منصوبے ایس تھری کی تکمیل سے شہر میں فراہمی ونکاسی آب کی صورتحال بہتر ہوجائے گی ، منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے اقدامات کئے جائیں ،جاری منصوبوں میں مقامی افراد کو روزگار کی فراہمی یقینی بنائی جائے ، کراچی کے شہریوں کو پانی کی فراہمی ونکاسی آب کے منصوبوں کیلئے فنڈز کی فراہمی کیلئے ہر ممکنہ تعاون کریں گے ،کراچی کیلئے وفاقی حکومت سے فنڈز کا اجراء کرایا جائے گا ، منصوبوں پر کام کی رفتار کی نگرانی کیلئے کراچی سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی اسمبلی پر مشتمل ذیلی کمیٹی بنائی جائے گی اور کمیٹی آئندہ ان منصوبوں کا ازخود جائزہ لے گی،تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ کے اراکین نے چئیرمین عبدالمجید خان کی سربراہی میں واٹربورڈ کے دفتر کا دورہ کیا اس موقع پر انہیں تفصیلی بریفنگ دی گئی ،اس موقع پر کمیٹی کے اراکین قومی اسمبلی شیخ صلاح الدین ،شمس النساء ،نفیسہ شاہ،شیر افگن واٹربورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر سید ہاشم رضا زیدی ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر پلاننگ و فنانس مشکور الحسنین ،ڈی ایم ڈی ٹیکنیکل سروسز اسد اللہ خان ،ایم ڈی واٹربورڈ کے اسٹاف آفیسر الہٰی بخش بھٹو اور کنسلٹنٹ کمپنی عثمانی اینڈ کو کے ماہرین بھی موجود تھے ،ایس تھری کے پروجیکٹ ڈائریکٹرامتیاز مگسی اور کے فور کے پی ڈی سلیم صدیقی نے منصوبوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا ، ،ایم ڈی واٹربورڈ سید ہاشم رضا زیدی نے اراکین قومی اسمبلی کو بریفنگ دیتے ہوئیکہا کہ کراچی کے شہریوں کو دستیاب پانی کی فراہمی کیلئے حکومت سندھ کے تعاون سے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے ،کے فور اور ایس تھری پر کام کی رفتار پر گہری نگاہ رکھے ہوئے ہیں ،کے فور منصوبہ کا پہلا فیز آئندہ سال جون میں مکمل ہوجائے گا جبکہ اس ہی دوران ایس تھری منصوبہ کا پہلا مرحلہ بھی تکمیل کے مراحل طے کرلے گا ،جس سے شہر کو 260 ملین اضافی پانی کی فراہمی ممکن ہوجائے گی اور دوسری جانب 280ملین گیلن یومیہ سیوریج کے پانی کو ٹریٹمنٹ کے بعد سمندر برد کیا جاسکے گا ،انہوں نے بتایا کہ لیاری ندی میں جاری ایس تھری پروجیکٹ کا 90فیصد کام مکمل کرلیا گیا ہے ،انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور وزیربلدیات وچیئرمین واٹربورڈ جام خان شورو کی خصوصی دلچسپی کے باعث شہریوں کو فراہمی نکاسی آب کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیئے واٹربورڈ سے خصوصی تعاون کررہی ہے، ایس تھری پروجیکٹ کیلئے بھاری مشینری اور پمپس کے آرڈر دیدیئے گئے ہیں ،جو جلد کراچی پہنچ جائیں گے ، کے فور منصوبہ کیلئے اراضی حاصل کرلی گئی ہے تاہم کچھ حصے کے حصول کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں ،اراضی کے حصول کیلئے ڈھائی ارب روپے متعلقہ حکام کے اکاؤنٹس میں منتقل کردیئے گئے ہیں ، ان منصوبوں کی تکمیل کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرلی گئی ہیں ،اراکین اسٹینڈنگ کمیٹی و چیئرمین نے کہا کہ کے فور منصوبہ میں ماحولیات کی بہتری کیلئے اقدامات کئے جائیں ، منصوبے کے راستے میں شجر کاری کی جائے ، رکن قومی اسمبلی شیر افگن خان نے کہا کہ کراچی منی پاکستان ہے اس کے شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ضروری ہے، نفیسہ شاہ نے کہا کہ منصوبہ کی بروقت تکمیلضروری ہے ، جاری منصوبہ میں مقامی افراد کو روزگار فراہم کیا جائے ، شمس النساء نے کہا کہ منصوبہ سے ٹھٹھہ کے شہریوں کوبھی صاف و شفاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے، شیخ صلاح الدین نے کہا کہ کراچی میں بلند و بالا عمارتوں کی تعمیر سے پانی و سیوریج سمیت دیگر مسائل پیدا ہورہے ہیں ،اسکیم 33اور اورنگی میں فراہمی ونکاسی آب کی ری اسٹریکچرنگ کیلئے حکومت سے فنڈز دلوائے جائیں۔