برساتی نالوںکی صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھا جائے،چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ

جمعرات 27 جولائی 2017 22:52

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 جولائی2017ء)چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ نے کہا ہے کہ بھینس کالونی کے تمام نالوں کی صفائی فوری یقینی بنائی جائے، باڑے مالکان کو پابند کیا جائے کہ نالے میں جانوروں کا فضلا نہ ڈالا جائے کیونکہ گوبر کی وجہ سے نالے کے پانی کی روانی متاثر ہوتی ہے جس کا سب سے بڑا نقصان باڑے مالکان اور یہاں کی رہنے والی عوام کا ہی ہے، نالے کی بندش کی وجہ سے نالے کا پانی روڈ پر آجاتا ہے جسکی وجہ سے روڈ جلد خراب ہو رہے ہیںاور دیگرترقیاتی کام تباہ ہوجاتے ہیں ، مچھروں کی افزائش اور بیماریوں کی روک تھام روکھنا انتہائی مشکل ہو جاتا ہے، بیماریاں جنم لیتی ہیں، نالے بندش کے مسائل کو مستقبل بنیادوں پر حل کیا جائیگا، باڑے مالکان کو پابند کیا جائے کہ اپنے جانورں کا فضلا نالوں میں نہ ڈالیں بلکہ ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن کی جانب سے مقررہ کی گئی جگہوں پر ڈالیں، صاف ستھرے ماحول کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے سیوریج کی نکاسی کیلئے نالوں کی صفائی کے تمام تر انتظامات کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ صفائی ستھرائی کے نظام پر بھی توجہ دی جائے، باڑے مالکان کو آگاہی دی جائے کہ برساتی نالے نکاسی آب کے کام آتے ہیں ، جانورں کے فضلے کی وجہ سے نالے بند ہوجاتے ہیں جس کی وجہ سے بارشوں کا پانی سڑکوں پر جمع ہو جاتا ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار چیرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ، وائس چیئرمین بلدیہ ملیر عبدالخالق مروت نے یو سی چیئرمین کیٹل کالونی رحیم شاہ، چیئرمین گلہ بانی کمیٹی چودھری اکرم کے ہمراہ کیٹل کالونی نالے کی ہیوی مشینر ی سے جاری صفائی کے کام کا جائزہ لیتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پربلدیاتی افسران بھی موجود تھے ۔چیئرمین بلدیہ ملیر نے موقع پر موجود متعلقہ افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ نالوں کی صفائی کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جائے اور نالوں کے اطراف کچرا نہ پھینکنے پر بھرپور اقدامات کئے جائیں ، نالوں کے قریب واقع کچرا کنڈیوں کی ہنگامی کی فوری صفائی کو یقینی بنایا جائے، صفائی ستھرائی کے نظام میں مزید بہتری لائی جائے، چیئرمین بلدیہ ملیر نے محکمہ سولیڈ ویسٹ کے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ نالے کے اطراف نالے سے نکلنے والا کچرہ فوری اٹھایا جائے۔