حفظان صحت کے مطابق اشیائے خورد ونوش کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، گورنر سندھ

اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں استحکام ،انھیں عوام تک پہنچانے کیلئے حکومت بھرپور اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے،محمد زبیر حکومت صارفین ایسوسی ایشن کی تجاویز کو مدنظر رکھ کر اقدامات یقینی بنائیگی،کنزیومر ایسوسی ایشن آف پاکستان کے وفد سے ملاقات

جمعرات 27 جولائی 2017 22:17

حفظان صحت کے مطابق اشیائے خورد ونوش کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ عوام کو سستی و معیاری اور حفظان صحت کے تقاضوں کے مطابق اشیائے خورد ونوش کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے جبکہ اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں استحکام اور انھیں عوام تک پہنچانے کے لئے حکومت بھرپور اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے ،جدید تقاضوں کے مطابق اشیائے خورد و نوش کی جانچ پڑتال سے عوام کو معیاری اشیاء فراہم کی جا سکتی ہیں اس ضمن میں صارفین ایسوسی ایشن اہم کردار ادا کررہی ہے ، حکومت صارفین ایسوسی ایشن کی تجاویز کو مدنظر رکھ کر اقدامات یقینی بنائے گی ۔

ان خیالات کا اظہا رانہوں نے گورنر ہائو س میں کنزیومر ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئر مین کوکب اقبال کی سربراہی میں آنے والے 13 رکنی وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

ملاقات میں صارفین کے مسائل ، اشیاء خوردو نوش کی فراہمی میں حائل رکاوٹوں ، معیاری اور سستی اشیاء کی تسلسل سے فراہمی اور قیمتوں میں استحکام سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ اشیاء خوردونوش کی حفظان صحت کے تقاضوں کے مطابق فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جارہا ہے اس ضمن میں حکومت کے زیر اہتمام قائم ادارے اشیاء کی جانچ پڑتال اور نگرانی کے فرائض انجام دے رہے ہیں ،معیاری اور حفظان صحت کے مطابق اشیاء عوام کے دسترس میں لانے کے لئے قیمتوں کے استحکام پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ روز مرہ کی کھانے پینے کی اشیاء چونکہ تخمینی لاگت سے کافی مہنگی ہو جاتی ہیں لیکن عوام کی دسترس میں ان اشیاء کو لانے کے لئے حکومت سبسڈی بھی فراہم کررہی ہے تاکہ عوام روز مرہ کی اشیاء کو با آسانی خرید سکیں،قوت خرید اور قوت فروخت میں استحکام معاشرہ کے لئے ضروری اور حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صفائی کے نظام کو برقرار اور عوام کو مشکلات سے محفوظ رکھنے کے لئے سبزی منڈی کو شہر سے باہر منتقل کیا گیا لیکن سبزیوں کو حفظان صحت کے مطابق یقینی بنا کر عوام تک پہنچانے کے لئے بھرپور اقدامات کئے جا رہے ہیںاسی طرح اناج منڈی کو بھی شہر سے باہر منتقل کرنے پر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ، حکومت کی کوشش ہے کہ اشیائے خوردو نوش ایک ہی جگہ پر عوام کو باآسانی حاصل ہو سکیں جبکہ اس طرح اشیائے خوردو نوش کی جانچ پڑتال کے کاموں میں آسانی پیدا ہونے سے عوام کو بھی معیاری اشیاء حاصل ہو سکیں گی ۔

انہوں نے کہا کہ علاقائی سطح پر فروخت ہونے والی سبزی ، فروٹ ، اناج اور دیگر اشیاء کی نگرانی کے کاموں پر بھی حکومت کی خصوصی توجہ مرکوز ہے ، منڈی سے لیکر بازاروں اور علاقائی سطح پر قائم ٹھیلوں تک نگرانی کا موئثر نظام قائم ہے جس سے غیر معیاری اشیاء کی روک تھام کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے اس ضمن میں صارفین ایسوسی ایشن کی جانب سے عوامی مفاد میں بہتر تجاویز کو بھی مدنظر رکھا جائے گا ۔ وفد کے اراکین میں پروفیسر شاہانہ عروج کاظمی ، جاوید چھتاری ایڈوکیٹ اور دیگر شامل تھے ۔

متعلقہ عنوان :