بیرون ممالک میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں جس کے تحت ان کے مسائل سالوں کے بجاے مہینوں اور دنوں میں حل ہورہے ہیں ، ممبر صوبائی اسمبلی افتخار احمد وارثی

جمعرات 27 جولائی 2017 21:34

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 جولائی2017ء) چیئرمین ٹاسک فورس سمندر پار پاکستانی و ممبر صوبائی اسمبلی افتخار احمد وارثی نے کہا ہے کہ بیرون ممالک میں مقیم پاکستانی ملکی تعمیر و ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی ماند اپنا رول ادا کررہے ہیں، وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر بیرون ممالک میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں جس کے تحت ان کے مسائل سالوں کے بجاے مہینوں اور دنوں میں حل ہورہے ہیں ، بیرون ممالک میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لا ئے جارہے ہیں ۔

وہ بروز جمعرات ڈپٹی کمشنر آفس راولپنڈی میں سمندر پارکستانیوں کے مسائل کے حل کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس میں خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی زیب انساء اعوان،ممبر ٹاسک فورس ملک قیصر اعوان اے ڈی سی عارف رحیم،پولیس،انتظامیہ اور دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ چیئرمین ٹاسک فورس سمندر پار پاکستانی ملک افتخار احمد وارثی نے کہا کہ بیرون ممالک سے آنے والے پاکستانی شہریوں کے زیارہ تر جائیداد کے کیس دیکھنے میں آتے ہیں جن کے حل کے لیے انتظامیہ بھر پور کردار ادا کررہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بیرون ممالک میں مقیم پاکستانی کے حق پر کسی کو ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہ ہوگی اگر کوئی بھی شخص ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ انہوں نے کہاکہ سمندر پار پاکستانی کے مسائل کے حل ہونے تک چین سے نہیں بیٹھے گئے اوران کی ہرممکن مدد کی جائے گی ۔ انہوں نے محکمہ پولیس کو شاباش دی جنہوں نے قبضہ گروپ سے 12سال پرانا مکان کا قبضہ چھڑا کراورسیز پاکستانی کے حوالے کیا ۔

متعلقہ عنوان :