لاہور ، برگد تنظیم اور پلاک کی معاونت سے "باہمی امن کے فروغ میں نوجوان نسل کا کردار"کے آغاز کے حوالے سے افتتاحی تقریب

پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ باہمی امن اور برداشت کے حوالے سے مواد کو نصاب کا حصہ بنائے گا، رانا مشہود احمد خان

جمعرات 27 جولائی 2017 21:05

لاہور ، برگد تنظیم اور پلاک کی معاونت سے "باہمی امن کے فروغ میں نوجوان ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 جولائی2017ء) برگد تنظیم برائے نوجوانان اور پلاک کی معاونت سے قذافی سٹیڈیم لاہور میں اپنے پراجیکٹ "باہمی امن کے فروغ میں نوجوان نسل کا کردار"کے آغاز کے حوالے سے افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود احمد خان نے کا کہاکہ پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ اس بات کو یقینی بنائے گا کہ باہمی امن اور برداشت کے حوالے سے مواد کو نصاب کا حصہ بنایا جائے۔

نوجوان نسل ہمارا ثاثہ ہے قوم متحد ہو جائے تو دنیا کی کوئی طاقت ہمیں شکست نہیں دے سکتی۔اس پروجکٹ کی آگاہی مہم حکومتی سطح پر کی جائے گی۔ اس حوالے سے پنجاب کے تمام تعلیمی اداروں میں سیمینار اور کانفرنس کا انعقادکیا جائے گا۔اقلتیوں کو تحفظ فراہم کرنا اور ان کے حقوق کی ادائیگی ہماری اولین ترجیحی ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صوبائی وزیر اقلیتی امور خلیل طاہر سندھو ،ڈی جی پلاک ڈاکٹر صغریٰ صدف ،برگد کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر صبیحہ شاہین،ایم پی اے نبیلہ حاکم علی ،حنا پرویز بٹ،کانجی رام،سیکرٹری یوتھ افیئرز نیئر اقبال،وسمہ عمران ،ترنجیت سنگھ،نعمان علی ،طاہرہ حبیب سمیت دیگر نے خطاب کیا۔

محترم جناب نیئر اقبال سیکریٹری ادارہ برائے امور نوجوانان، کھیل ، سیاحت و آرکیالوجی نے اس موقع پر برگد تنظیم اور ر ادارہ برائے زبان ،آرٹ اور کلچر کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ۔"پنجاب کے نوجوان ہمارا اصل سرمایہ ہیں۔ جن کو کسی بھی حوالے سے کبھی بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ نوجوانوں کی بھرپور شمولیت ہی اس پراجیکٹ کی کامیابی کو یقینی بنا سکتی ہی"۔

انکا کہنا تھا کہ ہمارا دارہ ایسے پراجیکٹس کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرواتا ہے۔حنا بٹ نے کہا کہ "ایسے پراجیکٹ وقت کی اشد ضرورت ہیں جو باہمی عقائد کی موجودگی ، بین الامذاہبی ہم آہنگی اور امن استوار کرنے کے راہ ہموار کرتے ہوں"۔صغری صدف ڈائیریکٹر جنرل ادارہ برائے زبان، آرٹ اور کلچر نے اس موقع پر کہا کہ"ہمارا ادارہ اس بات سے بخوبی آگاہ ہے کہ باہمی شمولیت کس قدر اہم ہے۔

اس لیے ادارہ ان تمام اقدامات کی حمایت کرتا ہے جو باہمی شمولیت اور باہمی رفاقت کو مضبوط کرتے ہیں۔صبیحہ شاہین ڈائریکٹر برگد تنظیم نے پراجیکٹ کے اہم نقاط کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ"اس پراجیکٹ کے دو بنیادی مقاصد ہیں۔اول کہ نفرت انگیز بیانات اور رویوں کو امن پسند ڈائیلاگ اور باہمی امن اور رواداری میں تبدیل کرنا، یہ مقصد نوجوان راہنمائوں کی تربیت کے ذریعے پورا کیا جائے گا۔

اور دوم ،سول سوسائیٹی کے ساتھ مشترکہ طور پر بہتر پالیسی سازی، قوانین کا پر اثر اطلاق اور ایک ایسے سماج کے قیام کے حوالے سے کام کرنا جس میں تمام شہری بلا رنگ و نسل اور عقائد و علاقہ برابری کی سطح پر ایک دوسرے کے ساتھ رواداری کے ساتھ پیش آ سکیں۔ تقریب کے اختتام میں صبیحہ شاہین نے کہا کہ پراجیکٹ میں تربیت یافتہ نوجوان مختلف ساتھ علاقہ جات میں دس ایکشن پلان کریں گے۔اس کے علاوہ مختلف بین الامذاہبی تہوار کے مواقع جات پر بھی باہمی امن کے پیغامات کو نشر کیا جائے گا۔اس کے لیے یونیورسٹی طلبا کو بھی پراجیکٹ کا ہر ممکن حصہ بنایا جائے گا۔مزید برگد تنظیم اقلیتوں کے تحفظ کے لیے بہتر قانونی اطلاق کے حوالے سے بھی اپنی ترجیحات پنجاب حکومت کو پیش کرے گی