وزیر اعظم محمد نواز شریف ٹکراؤ کی پالیسی اختیار نہ کریں ،اپنے عہدے سے مستعفی ہو جائیں، وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ

جمعرات 27 جولائی 2017 20:51

وزیر اعظم محمد نواز شریف ٹکراؤ کی پالیسی اختیار نہ کریں ،اپنے عہدے ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 جولائی2017ء) سندھ کے وزیر اطلاعات و محنت سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف ٹکراؤ کی پالیسی اختیار نہ کریں اور اپنے عہدے سے مستعفی ہو جائیں، سپریم کورٹ کے ججز سے اپیل ہے کہ پاناما کیس کا محفوظ فیصلہ جلد سنایا جائے ۔وہ جمعرات کو سندھ اسمبلی کے اجلاس سے قبل میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ اگر سندھ میں کوئی نیا سیاسی اتحاد بن رہا ہے تو اس سے پیپلز پارٹی کو کوئی فرق نہیں پڑے گا ۔

پیپلز پارٹی سندھ میں پہلے سے زیادہ مضبوط ہے ۔

(جاری ہے)

سندھ اسمبلی کا حلقہ پی ایس ۔114 کراچی کے ضمنی انتخابات کے نتائج اس بات کا ثبوت ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ قومی احتساب آرڈی ننس 1999 ء کا سندھ سے خاتمہ اور سندھ احتساب ایکٹ کی منظوری آئین کے مطابق ہے ۔ یہ صوبے کا آئینی حق ہے ، جسے استعمال کیا گیا ہے ۔ سندھ احتساب ایکٹ کے تحت سندھ میں احتساب کا نیا ادارہ قائم ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت سیلاب کی صورت حال سے آگاہ ہے اور وزیر اعلیٰ سندھ نے اس حوالے سے اجلاس بھی منعقد کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی رکن سندھ اسمبلی سورٹھ تھیبو ہماری بہن ہیں ۔ اگر انہیں کسی رکن کے ریمارکس سے دکھ ہوا ہے تو میں ان سے معذرت چاہتا ہوں ۔