Live Updates

وزارت عظمیٰ کے لئے مسلم لیگ (ن) میں دو دھڑے کھل کر سامنے آ گئے

نواز شریف کی نا اہلی کی صورت میں وزارت عظمیٰ کے حصول کے لئے شہباز شریف نے چوہدری نثار علی خان سے مدد مانگ لی وزیراعلیٰ نے نثار کو دو مسلسل ملاقاتوں کے بعد انکشافات سے بھرپور پریس کانفرنس سے روک لیا چوہدری نثار کو سیاست چھوڑنے اور وزارت سے مستعفی نہ ہونے پر بھی راضی کر لیا مستقبل قریب میں وزیر داخلہ کو وزیر خارجہ یا وزیراعلیٰ پنجاب بنانے کی یقین دہانی وزیراعظم مریم نواز شاہد خاقان عباسی یا خواجہ آصف اور احسن اقبال میں سے کسی ایک کو وزیراعظم بنانے کے لئے بضد، شہباز شریف چوہدری نثار علی خان کا پتہ استعمال کر کے وزیراعظم بننے کی دوڑ میں شامل

جمعرات 27 جولائی 2017 20:44

وزارت عظمیٰ کے لئے مسلم لیگ (ن)  میں دو دھڑے کھل کر سامنے آ گئے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 جولائی2017ء) وزیراعظم میاں نواز شریف کی نا اہلی کی صورت میں وزارت عظمیٰ کے حصول کے لئے وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے چوہدری نثار علی خان سے مدد مانگ لی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے چوہدری نثار کو سیاست چھوڑنے اور وزارت سے مستعفی نہ ہونے پر بھی راضی کر لیا۔ مستقبل قریب میں چوہدری نثار کو وزیر خارجہ یا وزیراعلیٰ پنجاب بنانے کی یقین دہانی کروادی گئی۔

وزارت عظمیٰ کے لئے مسلم لیگ (ن) میں دو دھڑے کھل کر سامنے آ گئے۔ وزیراعظم میاں نواز شریف اور محترمہ مریم نواز شاہد خاقان عباسی یا خواجہ آصف اور احسن اقبال میں سے کسی ایک کو وزیراعظم بنانے کے لئے بضد ہیں جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری نثار علی خان کا پتہ استعمال کر کے وزیراعظم بننے کی دوڑ میں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے اندر اس وقت وزریاعظم میاں نواز شریف کے متبادل کے لئے شدید جنگ جاری ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے وزیر دخالہ چوہدری نثار علی خان کو دو مسلسل ملاقاتوں کے بعد انکشافات سے بھرپور پریس کانفرنس کرنے سے روک لیا۔ چوہدری نثار علی خان کو محدود پریس کانفرنس کی اجازت دی گئی۔ مصدقہ ذرائع کے مطابق میاں شہباز شریف نے چوہدری نثار علی خان سے سیاسی مددکی بھی اپیل کی ہے تاکہ خواجہ آصف چوہدری احسن اقبال یا شاہد خاقان عباسی کی بجائے انہیں وزیراعظم بنایا جائے اس کے بدلے میں چوہدری نثار علی خان نے اس خواہش کا اظہار کی اہے کہ انہیں مستقبل قریب میں یا تو وزارت خارجہ کا قلمدان دیا جائے اور یا پھر وزیراعلیٰ پنجاب بنایا جائے۔

ذرائع کے مطابق میاں شہباز شریف نے چوہدری نثار علی خان سے وعدہ کیا ہے اگر وہ وزیراعظم ہوئے تو وہ ان دو عہدوں میں سے ایک پر انہیں نامزد کریں گے۔ واضح رہے کہ شریف برادران نے جلا وطنی کے دوران بھی چوہدری نثار علی خان سے وعدہ کیا تھا کہ اقتدار میں انہیں پنجاب کا وزیراعلیٰ بنایا جائے گا لیکن اقتدار ملنے کے بعد شریف برادران اس وعدے سے منحرف ہو گئے اور 2013ء کے الیکشن میں چوہدری نثار علی خان نے پارٹی پالیسی کیخلاف پنجاب اسمبلی کا الیکشن گائے کے انتخانی نشان پر لڑا اور نشست بھی چیت لی لیکن مسلم لیگ (ں) ایک بار پھر انہیں نظر انداز کر کے وزارت اعلیٰ شہباز شریف کے پاس ہی رکھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت عظمیٰ کے لئے میاں شہباز شریف، چوہدری نثار علی خان اور حمزہ شہباز شریف لابنگ کر رہے ہیں جبکہ دوسری طرف وزیراعظم میاں نواز شریف انکی صاحبزادی ، مشیر خاص عرفان صدیقی ، وزیر دفاع خواجہ آصف بھرپور کوشش کر رہے ہیں کہ کسی بھی طرح وزارت عظمیٰ میاں شہباز شریف یا انکے نامزد کردہ کسی شخص کے پاس نہ جائے۔ آج سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد مسلم لیگ (ن) کسی فیصلے پر پہنچ پائے گی کہ نواز شریف اگر نا اہل ہو گئے تو متبادل وزیراعظم کون ہو گا ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کو وزیراعظم نہ بنائے جانے کی صورت میں چوہدری نثار علی خان شدید رد عمل کا اظہار کریں گے اور مسلم لیگ (ن) میں بڑے پیمانے پر ٹوٹ پھوٹ کا عمل شروع ہونے کا امکان ہے۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات