وفاقی حکومت اور وزیر داخلہ چوہدری نثارالطاف حسین کی دہشتگردی کی کاروائیوں کیخلاف اقدامات کریں، الطاف حسین 30 سالوں میں پہلی مرتبہ رنگے ہاتھوں پکڑے گئے ہیں ، ان کا یہی وطیرہ ہے پہلے معصوم لوگوں کو مرواتے ہیں پھر ان کے قاتلوں کو بھی اپنے مزید قاتلوں سے مروا دیتے ہیں تاکہ کوئی ثبوت باقی نہ رہے

چیئرمین پاک سر زمین پارٹی سید مصطفی کمال کا پریس کانفرنس سے خطاب

جمعرات 27 جولائی 2017 20:01

وفاقی حکومت اور وزیر داخلہ چوہدری نثارالطاف حسین کی دہشتگردی کی کاروائیوں ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 جولائی2017ء) پاک سر زمین پارٹی کے چیئر مین سید مصطفی کمال نے پاکستان ہائوس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان رینجرز نے پریس کانفرنس کر کے عوام کے سامنے حقائق رکھے کہ کس طرح الطاف حسین نے پی ایس پی کے کارکنان کو شہید کرنے کا حکم دیا اور پھرقاتلوں کو شاباشی دی ، ایک ماہ سے الطاف حسین اپنی تقاریر میں باقاعدہ دہشتگردی ،واردات کرنے کا طریقہ کار بتا رہا ہے ۔

اس موقع پر پارٹی صدر انیس قائم خانی سمیت انیس ایڈوکیٹ،وسیم آفتاب،اشفاق منگی ، افتخار عالم،محمد رضا، اراکین سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی اور نیشنل کونسل بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے کہا کہ 3 مارچ سے آج تک جو بھی بات کی وہ حق اور سچ ہے اور وقت نے اسے سہی ثابت کیا ،اب الطاف حسین 30 سالوں میں پہلی مرتبہ رنگے ہاتھوں پکڑے گئے ہیں ، ان کا یہی وطیرہ رہا ہے کہ پہلے معصوم لوگوں کو مرواتے ہیں پھر ان کے قاتلوں کو بھی اپنے مزید قاتلوں سے مروا دیتے ہیں تاکہ ان کے خلاف کوئی ثبوت باقی نہ رہے ،الطاف حسین نے پی ایس پی کے شہداء کے قاتلوں کو بھی مارنے کے حکم جاری کر دیئے ہیں،اب آدھے قاتل پکڑے گئے اور آدھے الطاف حسین سے ہی اپنی جانیں بچانے کے لئے بھاگتے پھر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فاروق ستار کے بانی و قائد نے دہشت گردی کرنے والوں کو شاباشی دی،ایم کیو ایم پاکستان بنانے والے الطاف حسین کو دوبارہ زندہ کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں ،ایم کیو ایم اور الطاف حسین کا نام و نشان جب تک باقی رہے گا قتل و غارت گری کا سلسلہ نہیں رک سکے گا۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے نام کی وجہ سے سب سے زیادہ تباہی اور بربادی مہاجروں کی ہو رہی ہے،مہاجر کے نام پر سیاست کرنے والے مہاجروں کے سب سے بڑے دشمن ہیں،مہاجروں نے 25 ہزار نوجوانوں کی قربانی دی، گورنر، ایم این اے، ایم پی اے ، فطرہ ، زکوة اور کھالیںدے کرمہاجر قوم کو 30 سالوں میں کچھ نہیں ملا، اسپتال اور تعلیمی ادارے تباہ ہوگئے ، پڑھے لکھے لوگ جاہل کہلانے لگے ، ماضی میں تعلیمی لحاظ سے اول نمبرکا شہر آج 44ویں نمبر پر آگیا ، گھروں کے آگے سے کچرا نہیں اٹھ رہا ،نوجوان بے روز گار ہو رہے ہیں،شہداء کی بیوائیں اور بچے در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو صرف الطاف حسین کی تھی ، ہے اور رہے گی۔انہوں نے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملے کا سختی سے نوٹس لیں ،یہ ملکی خود مختاری اورقومی غیرت کا مسئلہ ہے ، سوشل میڈیا پرپاکستان کو مغلظات بکی جا رہی ہیں، معصوم لوگوں کے قتل کی ترغیب دے کر پاکستان کی معاشی شہہ رگ میں دہشتگردی کو فروغ دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے ملک مخالف مواد پرایم کیو ایم کی ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پر پابندی عائد کریںاور برطانیہ، جنوبی افریکا اور بھارت کے حکام کو حکومتی سطح پر انکی سر زمین کے پاکستان میں دہشتگردی کے لئے استعمال ہونے پر حقائق سے آگاہ کریں۔انہوں نے ڈی جی رینجرز سندھ، افسران، جوانوںاور دیگر اداروں کے اہلکاروں کاسارے ثبوت و شواہد کے ساتھ قاتلوں کی گرفتاری پر شکریہ ادا کیا اورانہیں خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ یتیموں کے باپ، بہنوں کے بھائی، ماؤں کے بچے، بیواؤں کے شوہر واپس نہیں آئیں گے لیکن ان دہشتگردوں کی گرفتاریوں سے عام آدمی کا اعتماد قانون نافذ کرنے والے اداروں پر بڑھا ہے۔