پنجاب میں 70 کالعدم تنظیمیں ہیں، پنجاب محفوظ ہوگا تو پاکستان محفوظ ہوگا‘ میاں افتخار حسین

یہاںپالیسیاں باہر والوں کو خوش کرنے کے لیے بنائی گئیں،ہمیں اپنی پالیسیوں پر از سر نو غور کرنے کی ضرورت ہے ‘ میڈیا سے گفتگو

جمعرات 27 جولائی 2017 18:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2017ء) عوامی نیشنل پارٹی کے سیکرٹری جنرل میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ پنجاب میں 70کالعدم تنظیمیں ہیں، بیٹے کو شہید کرنے والے ملزم نے اعتراف کیاکہ تربیت پنجاب سے لی، ہمیں اپنی پالیسیوں پر از سر نو غور کرنے کی ضرورت ہے اور تمام اسٹیک ہولڈرز کا اتفاق رائے ہونا چاہیے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جنرل ہسپتال میں خودکش دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ سوال یہ ہے کہ ابھی تک نیشنل ایکشن پلان پر اس کی اصل روح کے مطابق عمل کیوں نہیں ہوا، جب کوئی واقعہ ہوجائے تو ہم افسوس کرنے آجاتے ہیں۔یہاںپالیسیاں باہر والوں کو خوش کرنے کے لیے بنائی گئیں ہیں لیکن ہمیں اپنی پالیسیوں پر از سر نو غور کرنے کی ضرورت ہے اور ہمیں اپنی پالیسیاں تبدیل کرنا ہوں گی ۔

(جاری ہے)

تمام مقتدر ادارے ،حکومت، سکیورٹی ایجنسیز کا متفقہ ایجنڈا اور اتفاق رائے ہونا چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشتگردوں کے خلاف اٹھ کھڑی ہو ، ہمیں جس طرح خیبر پختوانخواہ میں بہنے والا خون عزیز ہے اسی طرح پنجاب میں بہنے والا خون بھی عزیز ہے ، یہاں آنا پنجاب کے عوام سے یکجہتی کا اظہار کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 70کالعدم تنظیمیں ہیں، بیٹے کو شہید کرنے والے ملزم نے اعتراف کیاکہ تربیت پنجاب سے حاصل کی ، ہم کہتے ہیں کہ پنجاب محفوظ ہوگا تو پاکستان محفوظ ہوگا۔

متعلقہ عنوان :