صحافی اور قلمکار معاشرے کا عکس ہوتے ہیں جو بہتر معاشرے کی تشکیل میں اپنا مؤثر کردار ادا کرتے ہیں،سید ناصر عباس

جمعرات 27 جولائی 2017 16:57

صحافی اور قلمکار معاشرے کا عکس ہوتے ہیں جو بہتر معاشرے کی تشکیل میں ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2017ء)ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی سید ناصر عباس نے کہا ہے کہ صحافی اور قلمکار معاشرے کا عکس ہوتے ہیں جو بہتر معاشرے کی تشکیل میں اپنا مؤثر کردار ادا کرتے ہیں وہ اپنی جانب سے پاکستان کے شعبہ ادب وثقافت سے وابستہ صحافیوں کی ملک گیر تنظیم پاکستان فلم اینڈ ٹی وی جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے میں اظہار خیال کررہے تھے۔

اس موقع پر ایسوسی ایشن کے چیئرمین اطہر جاوید صوفی، صدر عبدالوسیع قریشی، نائب صدر جنید رضوی، سیکریٹری پرویز مظہر،جوائنٹ سیکریٹری ذیشان صدیقی کے علاوہ دیگر عہدیدار قیصر مسعود جعفری، حفیظ انصاری، جی ایم خاصخیلی، خالد شکیل، مرزا افتخار بیگ کے علاوہ کے ڈی اے کے میڈیا کو آرڈی نیٹر اکرم ستار بھی موجود تھے، جنہوں نے ظہرانے سے قبل صحافیوں کو میڈیا سینٹرکا دورہ بھی کرایا۔

(جاری ہے)

ڈی جی کے ڈی اے سید ناصر عباس نے کہا کہ یہ خوشی کی بات ہے کہ صحافی ایک پلیٹ فارم پر جمع ہیں اور صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے بھی کام کررہے ہیں اس سلسلے میں انہیں جہاں ہماری مدد کی ضرورت ہوگی ہم ہر ممکن تعاون کرنے کیلئے تیار ہیں۔ اس موقع پر ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے کراچی کی تعمیر و ترقی میں کے ڈی اے کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ جب سے کے ڈی اے کی دوبارہ بحالی ہوئی ہے کام بہتر انداز میں ہورہا ہے۔

انہوں نے ڈی جی کے ڈی اے سید ناصر عباس کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کے ڈی اے میں ہونیوالی اصلاحات کے حوالے سے ان کا نام ہمیشہ اچھے لفظوں میں لیا جائے گا۔ اس موقع پر ایسوسی ایشن کی جانب سے ڈی جی کے ڈی اے سید ناصر عباس کو سندھی ٹوپی اور اجرک کا تحفہ پیش کیا گیا جبکہ ادارہ ترقیات کراچی کی جانب سے سید ناصر عباس نے وفد میں شامل تمام صحافیوں کو پھول اور سندھی اجرک کا تحفہ پیش کیا بعد ازاں پر تکلف ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔