صوبائی حکومت دوست ممالک کی جانب سے خیبر پختونخوا میں سرمایہ کاری کرنے کا خیر مقدم کرتی ہے، عنایت اللہ

صوبے میں بہتر طرز حکمرانی کے باعث بیرونی سرمایہ کار یہاں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی ظاہر کر رہے ہیں، وزیر بلدیات کے پی کے کی ایرانی وفد سے گفتگو

جمعرات 27 جولائی 2017 16:26

صوبائی حکومت دوست ممالک کی جانب سے خیبر پختونخوا میں سرمایہ کاری کرنے ..
ْپشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2017ء) خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر بلدیات و دیہی ترقی عنایت اللہ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت برادر ملک ایران سمیت تمام دوست ممالک کا خیبر پختونخوا میں سرمایہ کاری کرنے پر خیبر مقدم کرتی ہے اور اس ضمن میں ڈویژنل ہیڈ کوارٹرخاص کر ہری پور اور تیمر گرہ کو سمارٹ سٹیز پراجیکٹس کے لئے دوست ممالک کا تعائون حاصل کیا جا سکتا ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہری پور اور تیمرگرہ سمارٹ سٹیز پراجیکٹ کیلئے صوبائی حکومت نے 40 کروڑ روپے پہلے ہی مختص کئے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز پشاور میں سمارٹ سٹیز پراجیکٹس کے بارے میں ایرانی وفد کو بریفنگ دینے کے دوران کیا۔ اس موقع پر ایرانی قونصل جنرل محمد بی بیگی، ڈی جی بلدیات عامر لطیف ، ڈائریکٹر پی ڈی اے امین الدین اور منصوبہ بندی و ترقیات کی افسران نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

سینئر وزیر نے ایرانی وفد کوخیبرپختونخوا میں تعمیر و ترقی کے بڑے بڑے منصوبوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں بہتر طرز حکمرانی کے باعث بیرونی سرمایہ کار یہاں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی ظاہر کر رہے ہیں۔ انہوں نے محکمہ بلدیات کی طرف سے شروع کئے گئے منصوبوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے کیلئے ترقی و خوشحالی کی متعدد سکیموں کا اجراء کیا ہے اور یہ امر خوش آئند ہوگا کہ ایران کی مصدقہ کمپنیاں جنہیں حکومتی سرپرستی حاصل ہو وہ آگے آئیں اور بلدیات کے مختلف ترقیاتی پراجیکٹس جن میں صفائی و ستھرائی ،سالڈ ویسٹ ، سیوریج نظام اور جنرل بس سٹینڈ کی تعمیر شامل ہیں میں سرمایہ کاری کریں۔

عنایت اللہ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ سمارٹ سٹیز کے منصوبے پر کام کی رفتار تیز کرنے کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دیں اور اس سلسلے میں ایرانی وفد سے بھر پور تعائو ن کرے۔ وفد نے سینئر صوبائی وزیر عنایت اللہ کا وقت دینے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں دورہ ایران کی دعوت بھی دی جو انہوں نے قبول کر لی۔

متعلقہ عنوان :