صدر آزاد کشمیر سردار محمد مسعود خان سے وزیر قانون راجہ نثار اور رکن اسمبلی راجہ عبدالقیوم کی علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں

کنٹرول لائن کی صورتحال، آزاد کشمیر کے تمام حلقوں کی مساوی بنیادوں پر تعمیر و ترقی، دریائے جہلم اور پونچھ پر جاری ہائیڈرو پاور پراجیکٹس، متاثرین کو معاضوں کی ادائیگی یا متبادل مقامات پر بحالی ریاستی جامعات میں میرٹ کی بحالی اور اعلیٰ تعلیمی معیار کے حصول، صدر آزاد کشمیر کے غیر ملکی دورے سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال

جمعرات 27 جولائی 2017 16:22

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 جولائی2017ء) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد مسعود خان سے وزیر قانون، انصاف و پارلیمانی امور اور برقیات راجہ نثار احمد خان اور رکن قانون ساز اسمبلی، سینئر سیاستدان راجہ عبدالقیوم کی علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں، کنٹرول لائن کی صورتحال، آزاد کشمیر کے تمام حلقوں کی مساوی بنیادوں پر تعمیر و ترقی، دریائے جہلم اور پونچھ پر جاری ہائیڈرو پاور پراجیکٹس، متاثرین کو معاضوں کی ادائیگی یا متبادل مقامات پر بحالی ریاستی جامعات میں میرٹ کی بحالی اور اعلیٰ تعلیمی معیار کے حصول، صدر آزاد کشمیر کے غیر ملکی دورے سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیرقانون راجہ نثار احمد خان نے کھوئی رٹہ کے کنٹرول لائن سے ملحقہ دیہات پر بھارتی گولہ باری سے پیدا شدہ صورتحال سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

صدر سردار مسعود خان نے بھارتی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ متاثرین کنٹرول لائن کا خصوصی خیال رکھا جائے۔ شہداء کے لواحقین اور زخمیوں کو فوری معاوضوں کی ادائیگی یقینی بنائی جائے۔ اس موقعہ پر کھوٹی رٹہ میں منعقد ہونے والے سالانہ میلہ مویشیاں کے جدید خطوط پر انعقاد اور اس میں زیادہ سے زیادہ عوامی شرکت یقینی بنانے کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔

صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ ریاست کی ثقافت اجاگر کرنے اور عوام کو سستی تفریح فراہم کرنے کیلئے یہ میلہ مویشیاں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر کے تمام انتخابی حلقوں کی مساوی ترقی پر یقین رکھتی ہے۔ اس لیے منتخب نمائندے اپنے حلقوں میں تعمیر و ترقی کو درست خطوط پر استوار کریں اور عوامی مفاد کے منصوبوں کی بروقت اور معیاری تعمیر یقینی بنائیں۔

محکمہ برقیات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹرانسفارمرز اور تاروں کی تبدیلی کا منصوبہ جلد شروع کیا جائے۔ آزاد کشمیر میں 2025 تک متعدد ہائیڈرو پاور پراجیکٹس پایہ تکمیل تک پہنچ جائیں گے۔ جن کی بدولت صرف آزاد کشمیر میں نہیں پاکستان کی بجلی کی خودکفالت حاصل کرے گا اور لوڈشیڈنگ قصہ پارینہ بن جائے گا۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ ہائیڈرو پاور پراجیکٹس کی تعمیر کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں گی۔

سینئر سیاستدان راجہ عبدالقیوم نے صدر آزاد کشمیر کو کوہالہ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے حوالے سے کہا کہ یہ منصوبہ میرے حلقے میں تعمیر ہو رہا ہے۔ پاور اسٹیشن برسالہ کے قریب تعمیر ہو گا اور بڑی آبادی وہاں سے منتقل ہو گی۔ اس لیے متاثرین کو جائز اور مارکیٹ ریٹ کے مطابق معاوضہ جات کی ادائیگی کیلئے اقدامات کیے جائیں۔ صدر سردار مسعود خان نے انہیں یقین دلایا کہ اس سلسلے میں کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہو گی۔

یہ منصوبہ قومی مفاد کا حامل ہے۔ تکمیل کے 30 سال بعد مفت حکومت آزاد کشمیر کو منتقل ہو جائے گا۔ اس منصوبے سے علاقے میں معاشی و اقتصادی سرگرمیاں بڑھیں گی اور لوگوں کی زندگی میں خوشحالی آئے گی۔ روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے۔ صدر آزاد کشمیر نے مظفرآبادیونیورسٹی کے چھتر کلاس کیمپس کے حوالے سے بھی معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں میں میرٹ کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔

تقرریوں کے حوالے سے سیاسی اثرورسوخ سے یونیورسٹیوں کو پاک کر دیا گیا ہے۔ ملاقاتوں میں دونوں رہنمائوں نے صدر آزاد کشمیر کے دورہ یورپ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی شخصیات، حکومتی اداروں، تھنک ٹینکس اور میڈیا ہائوسز کے مالکان سے ملاقاتوں کے مثبت نتائج نکلیں گے اور مسئلہ کشمیر کے حل کی جانب پیش رفت ہو گی۔