پانامہ عملدرآمد بینچ کے ججز چھٹی پر جارہے ہیں ،پانامہ کا فیصلہ کل سنایا جاسکتا ہے، نوازشریف کی وزارت عظمی ختم ہونے کے بعد عمران وزیراعظم بنیں گے ،بابر اعوان کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 27 جولائی 2017 15:43

پانامہ عملدرآمد بینچ کے ججز چھٹی پر جارہے ہیں ،پانامہ کا فیصلہ کل سنایا ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 جولائی2017ء) تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹربابراعوان نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ پاناما کیس کا فیصلہ کل بھی آسکتا ہے، ساتھ ہی انہوں نے پیشن گوئی کی کہ نوازشریف کی وزارت عظمی ختم ہونے کے بعد عمران وزیراعظم بنیں گے۔سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابراعوان نے کہا تاثر دیا گیا کہ عمران خان اور نواز شریف کا کیس ایک جیسا ہے، کچھ کہتے ہیں کہ ایک کے خلاف فیصلہ آئے تو دوسرے کو نہ چھوڑا جائے جبکہ حکومتی ایجنٹ نے عمران خان اور نوازشریف کے کیس کو ایک کہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں کو اعتراض ہوگا کیونکہ انہوں نے ان کی بات نہیں سمجھی دراصل پی ٹی آئی اس بات کو اس طرح سمجھتی ہے کہ جونہی نواز شریف کی باری ختم ہوگی اگلا وزیر اعظم عمران خان ہوگا۔

(جاری ہے)

بابر اعوان نے کہا کہ پاناما عملدرآمد بینچ کے ججز چھٹی پر جارہے ہیں ممکن ہے کہ کل تینوں ججز اپنا فیصلہ سنادیں، یہاں اس بات کی وضاحت ضروری ہے کہ پاناما کیس کا فیصلہ محفوظ کرنے والا بینچ پاناما بینچ نہیں بلکہ پاناما عملدرآمد بینچ ہے، دو یا تین ججز کی موجودگی میں بھی فیصلہ سنایا جاسکتا ہے، تین ججز کا ہونا ضروری نہیں ہے۔بابر اعوان نے کہا کہ اگر کوئی جج شہر سے باہر ہو یا چھٹی پر چلا جائے تو بھی فیصلہ سنایا جاسکتا ہے، کیونکہ مشرف دور میں ایک کیس کا فیصلہ عدالت رات کو سناچکی ہے۔