حکومت صحت عامہ کے شعبہ کو مستحکم بنانے کے ایجنڈے پر گامزن ہے،

قومی و عالمی شراکت داروں کیساتھ ملکر مربوط کوششیں کی جا رہی ہیں،سائرہ افضل تارڑ

جمعرات 27 جولائی 2017 15:38

حکومت صحت عامہ کے شعبہ کو مستحکم بنانے کے ایجنڈے پر گامزن ہے،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2017ء) وزیر مملکت برائے قومی صحت سائرہ افضل تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت صحت عامہ کے شعبہ کو مستحکم بنانے کے ایجنڈے پر گامزن ہے ،اس ضمن میں قومی اور عالمی شراکت داروں کیساتھ ملکر مربوط کوششیں کی جا رہی ہیں وبائی امراض کی روک تھام، نگرانی کیلئے تمام صوبوں کے صحت عامہ کے ڈاکٹروں کو تربیت کی فراہمی وفاقی حکومت کا مشن ہے ،وزارت قومی صحت پاکستان فیلڈ ایپی ڈیمیالوجی اینڈ لیبارٹری ٹریننگ پروگرام پاکستان کی شروعات اور تمام اقدامات کے لئے بھرپور تعاون کا یقین دلاتی ہے۔

ہفتہ کو امراض کی نگرانی اور وبائوں کے پھوٹنے کی صورت میں فوری جوابی اقدامات بارے 11 ویں سالانہ کورس کے شرکاء میں اسناد تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ پاکستان بھر میں وبائی امراض کی روک تھام اور نگرانی کیلئے تمام صوبوں کے صحت عامہ کے ڈاکٹروں کو تربیت کی فراہمی وفاقی حکومت کا مشن ہے اور اسی مشن کے تحت پاکستان فیلڈ ایپی ڈیمیالوجی اور لیبارٹری ٹریننگ پروگرام جیسا اقدام اٹھایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دراصل حالیہ سالوں میں ہمیں پاکستان میں 2016ء میں چکن گونیا اور 2017ء میں خسرہ کی وباء کا سامنا کرنا پڑا اور بڑے پیمانے پر نقصان بھی ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ابھی تک پولیو کے خلاف بر سر پیکار ہیں جبکہ پوری دنیا چاہتی ہے کہ ہم پولیو کے خاتمہ کیلئے مزید کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ہی تمام چیلنجز کے پیش نظر ہمیں بیماری کی نگرانی، وباء کا پتہ چلانے اور فوری کارروائی کی استعداد بڑھانے کی ضرورت ہے جس کیلئے یہ تربیت بڑی معاون ثابت ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایپی ڈیمیالوجی اینڈ لیبارٹری ٹریننگ پروگرام پاکستان (ایف ای ایل ٹی پی) نی1500سے زائد مختصر مدتی تربیتیں دی ہیں اور یہ امر باعث اطمینان ہے کہ 11 واں سالانہ کورس مکمل کرنے والے وبائی امراض کی روک تھام کے ماہرین اس کیڈر میں شامل ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وبائی امراض کی روک تھام کیلئے نگرانی ہی سب سے بہتر طریقہ ہے جس سے وباء کے پوری طرح پھیلنے سے قبل ہی مؤثر ترین اقدامات کرنے میں بڑی مدد ملتی ہے جو اس تربیت کی ضرورت و اہمیت کو اجاگر کرتی ہے۔

اسی لئے وزارت قومی صحت امراض کی نگرانی اور قابو پانے کے اقدامات کے لئے مربوط کوششوں کو مضبوط بنا رہی ہے ، انہوں نے کہا کہ صحت کے قومی ادارہ میں فیلڈ ایپی ڈیمیالوجی اینڈ ڈیزیز سرویلنس کے لئے ڈویژن کا قیام اس سمت میں پہلا اقدام ہے۔ وزیر مملکت نے کورس مکمل کرنے والے تمام شرکاء کو مبارک باد دی۔ انہوں نے امریکہ کے اٹلانٹ سینٹر ز برائے ڈیزیز کنٹرول کا بھی شکریہ ادا کیا اور صحت عامہ کے لئے بھر پور کام کرنے کی حکومتی کوششوں کا بھی اعادہ کیا۔