لاہور ہائیکورٹ نے وفاقی محتسب برائے خواتین اسلام آباد کو پنجاب میں کارروائی سے روکدیا

جمعرات 27 جولائی 2017 15:05

لاہور ہائیکورٹ نے وفاقی محتسب برائے خواتین اسلام آباد کو پنجاب میں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2017ء) لاہور ہائیکورٹ نے وفاقی محتسب برائے خواتین اسلام آباد یاسمین عباسی کو صوبہ پنجاب میں کارروائی سے روک دیا۔ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس شمس محمود مرزا نے یہ حکم ایم سی بی بینک کے ڈویژنل ہیڈ سینٹر لائزڈ آپریشنز ہیومن ریسورس مینجمنٹ ثاقب رشید کی رٹ درخواست پر جاری کیا۔

ایم سی بی کی افسر امینہ طاہر نے کام کی جگہ پر خواتین کو ہراساں کرنے کے خلاف قانون کے تحت ثاقب رشید کے خلاف کارروائی کے لئے وفاقی محتسب کو درخواست دی تھی اور اس کے نتیجے میں ثاقب رشید کے خلاف کارروائی شروع کی گئی تھی۔ درخواست گزار ثاقب رشیدکے وکیل پرویز میر نے اپنے دلائل میں کہا کہ کام کی جگہ پر خواتین کو ہراساں کرنے کے خلاف تحفظ کے لئے صوبائی محتسب کا دفتر 2012ء سے قائم اور فعال ہے اور اس وجہ سے پنجاب کو اس حوالے سے وفاقی محتسب کے دائرہ کار سے نکال دیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

آمنہ طاہر کی جانب سے درج کردہ شکایت پر اس وجہ سے بھی عملدرآمد نہیں ہوسکتا ہے کیونکہ ہراساں کرنے کا مبینہ واقعہ لاہور میں پیش آیا۔ انہوں نے اس معاملہ پر سلیم جاوید کیس کا حوالہ بھی دیا۔ ایڈووکیٹ پرویز ایم میر کی طرف سے پیش کردہ تفصیلی دلائل کو سننے کے بعد عدالت نے وفاقی محتسب برائے خواتین کوکارروائی جاری رکھنے سے روک دیا اور 8 اگست کو مزید سماعت کیلئے نوٹس جاری کر دیئے۔