گلگت بلتستان میں سپیشل پروٹیکشن یونٹ کے قیام سے امن وامان کو مزید بہتر بنایا جاسکے گا،حافظ حفیظ الرحمن

ایس پی یو 700 افراد پر مشتمل ہوگا ،تربیت جدید خطوط پر آرمی سے کرائی جائے گی ، وزیراعلی کی آئی جی گلگت بلتستان سے گفتگو

جمعرات 27 جولائی 2017 15:03

گلگت بلتستان میں سپیشل پروٹیکشن یونٹ کے قیام سے امن وامان کو مزید بہتر ..
گلگت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2017ء)وزیراعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہاہے کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے گلگت بلتستان میں سپیشل پروٹیکشن یونٹ (ایس پی یو) کے قیام کی حتمی منظوری دیدی ہے جس پر تقریباًتین ارب کی لاگت آئیگی جبکہ ایک ارب روپیہ صوبائی حکومت کو فراہم کردیا گیا ہے ۔وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے یہ بات جمعرات کوآئی جی پی گلگت بلتستان صابر احمد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

وزیر اعلیٰ حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ گلگت بلتستان میں سپیشل پروٹیکشن یونٹ کے قیام سے گلگت بلتستان میں امن وامان کو مزید بہتر بنایا جاسکے گا ،سپیشل پروٹیکشن یونٹ 700 افراد پر مشتمل ہوگا اور اس منصوبے پر فوری کام کا آغاز کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سپیشل پروٹیکشن یونٹ کی تربیت روایتی طریقوں سے ہٹ کر جدید خطوط پر آرمی سے کرائی جائے گی اور جدید اسلحہ اور کمیونی کیشن سمیت دیگر درکار سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تناظر میں سپیشل پروٹیکشن یونٹ انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے جو روایتی پولیس سے ہٹ کر جدید ٹریننگ اور سہولیات سے آراستہ جوانوں پر مشتمل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ وزیر اعظم نواز شریف نے گلگت بلتستان کیلئے پی ایس ڈی پی اور اے ڈی پی کے علاوہ اضافی طور پر دیا ہے۔