ملک میں موبائل فون صارفین کی تعداد 14 کروڑسے تجاوزکرگئی

موبائل فونزکی چوریاں کم کرنے کیلیے نیا سسٹم لایا جا رہا ہے،چیئرمین پی ٹی اے

جمعرات 27 جولائی 2017 14:25

ملک میں موبائل فون صارفین کی تعداد 14 کروڑسے تجاوزکرگئی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2017ء) ملک میں موبائل فون صارفین کی تعداد 14 کروڑ سے تجاوز کرگئی ہے جب کہ سالانہ 74 ہزار ٹیرا بائیٹ ڈیٹا استعمال ہو رہا ہے۔پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی کے چیئرمین اسماعیل شاہ کے مطابق پاکستان میں اس وقت 5 سب میرین کیبلز کام کررہی ہیں اور سالانہ 74 ہزار ٹیرا بائیٹ ڈیٹا استعمال ہورہا ہے، سی پیک کے تحت راولپنڈی سے خنجراب تک 820 کلومیٹر طویل فائبر آپٹک کیبل بچھائی جا رہی ہے، اس وقت ملک کے 72 فیصد سے زائد حصے میں ٹیلی کام سروسز دستیاب ہیں، ملک میں موبائل صارفین کی تعداد 14 کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے۔

موبائل کمپنیوں کو مشترکہ ٹاورزاستعمال کرنے کا پابند بنایا جائے گا۔اسماعیل شاہ کے مطابق ملک میں اوبراور کریم ٹیکسی سروس کی کامیابی موبائل براڈ بینڈ کی مرہون منت ہے، ہمیں اس بات کا احساس ہے کہ جدید ٹیکسی سروس سے عام ٹیکسی ڈرائیورمتاثرہورہے ہیں، جلد ہی عام ٹیکسی ڈرائیورزکو بھی اس سروس میں شمولیت کا موقع دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

چوری شدہ موبائل فون کے دوبارہ استعمال کے حوالے سے اسماعیل شاہ نے کہا کہ موبائل فونزکی چوریاں کم کرنے کے لیے نیا سسٹم لایا جا رہا ہے، جس کے فعال ہونے کے بعد چوری شدہ موبائل فون آئی ایم ای آئی نمبربدلنے سے بھی استعمال نہیں ہو سکے گا۔

متعلقہ عنوان :