سپریم کورٹ میں پانامہ لیکس کا فیصلہ ; جمعہ کا دن اہم قرار

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 27 جولائی 2017 12:31

سپریم کورٹ میں پانامہ لیکس کا فیصلہ ; جمعہ کا دن اہم قرار
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 جولائی 2017ء) : سپریم کورٹ کے تین رکنی پانامہ عملدرآمد بنچ نے پانامہ کیس کا فیصلہ 21 جولائی کو محفوظ کیا تھا ۔ اس فیصلے کے محفوظ ہونے کے بعد ہی سے ملک کا سیاسی منظر نامہ ہلچل اور بے چینی کا شکار ہے ۔ ملک کی سیاسی جماعتوں سمیت عوام کی نظریں بھی سپریم کورٹ پر جمی ہوئی ہیں کہ آخر پانامہ کیس کا فیصلہ کب سنایا جائے گا۔

قانونی ماہرین اور تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پانامہ کیس کے فیصلے کے حوالے سے کل یعنی جمعہ کا دن نہایت اہم ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پانامہ لیکس کا فیصلہ جمعہ تک آجانا چاہئیے اور اس سے زیادہ تاخیر کا شکار نہیں ہونا چاہئیے۔ سپریم کورٹ کی جانب سے آج جاری روسٹر میں بتایا گیا کہ جسٹس اعجاز الاحسن 31 جولائی سے 11 اگست تک چھٹیوں پر جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

جبکہ جسٹس عظمت سعید شیخ آئندہ ہفتے لاہور ہائیکورٹ کی رجسٹری میں مقدمات کی سماعت کریں گے ۔ جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس عظمت سعید کی اسلام آباد میں عدم موجودگی پر پانامہ کیس کا فیصلہ مزید تاخیر کا شکار ہونے کا قوی امکان ہے۔ لہٰذا سیاسی رہنماؤں نے بھی سپریم کورٹ سے مطالبہ کیا ہے فیصلے کو مزید التوا کا شکار کرنے کی بجائے جلد از جلد سنایا جائے تاکہ ملک میں پیدا ہونے والے عدم استحکام کا خاتمہ ہو سکے۔