یونین کونسل پڑیال کے مکینوں اور ٹرانسپورٹرز میں اصلاح ٹرانسپورٹ معاملات طے پا گئے

بدھ 26 جولائی 2017 23:22

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 جولائی2017ء)یونین کونسل پڑیال کے مکینوں اور ٹرانسپورٹرز میں اصلاح ٹرانسپورٹ معاملات طے پا گئے ،اصلاح ٹرانسپورٹ معاہدے کے تحت بائیس نمبر چونگی سے چکری ،پڑیال و ڈھیری موہڑہ چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں میں نصب اضافی نشستوں کو اتار دیاجائے گا ،اوگرا کے تصدیق شدہ سلنڈرز کی تنصیب یقینی بنائی جائے گی ،ویگن میں فرنٹ سیٹ سمیت 18مسافر سوار کیے جائیں گے ۔

چیئرمین یونین کونسل پڑیال چوہدری نذر عباس کے مطابق عوام کی سفری مشکلات ،حادثات اور ٹرانسپورٹرز کے رویہ کے پیش نظر یو سی پڑیال کے زیر اہتما م اصلاح ٹرانسپورٹ پروگرام شروع کیا گیا جس میں معززین علاقہ اور ٹرانسپورٹر نمائندوں نے شرکت کی ۔بعد ازاں باھم مشاورت سے طے پایاکہ بائیس نمبر چونگی سے چکری ،پڑیال ،ڈھیری موہڑہ چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ سے اضافی نشستیں ختم کر دی جائیں گی ،تمام گاڑیوں میں صرف اوگرا سے تصدیق شدہ سلنڈرز استعمال کیے جائیں گے اور فٹنس سرٹیفکیٹ کی حامل گاڑیوں کا چلایا جائے گا ،فرنٹ سیٹ پر صرف دو مسافر بٹھائے جائیں گے ،گاڑیوں میں دوران سفر سگریٹ نوشی کی پابندی پر عمل درآمد کروایا جائے گا اور مسافروں کے ساتھ ڈرائیور /کنڈکٹرز احسن طریقے سے پیش آئیں گے ۔

(جاری ہے)

چیئرمین یو سی پڑیال چوہدری نذر عبا س نے کہاکہ ٹرانسپورٹرز اور اہالیان پڑیال کے مابین طے پانے والے معاہدے کی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ ٹرانسپورٹر کے خلاف سیکرٹری آر ٹی اے اور چیف ٹریفک آفیسر کی معاونت سے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔