وزیر اعظم سے استعفیٰ مانگنے والوں کا اپنا یو م حساب آگیا ہے، حاجی پرویز خان

عمران خان کا کھیل اب ختم ہونے کو ہے ،جھوٹ و مکرو فریب پر مبنی سیاست ہمیشہ کیلئے دم توڑ دے گی

بدھ 26 جولائی 2017 23:22

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 جولائی2017ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) میٹروپولٹن راولپنڈی کے جنرل سیکریٹری حاجی پرویز خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم سے استعفی مانگنے والوں کا اپنا یو م حساب آگیا ہے ،عدالت نے عمران خان کو جھنڈی دکھا دی ہے اب وہ کس منہ سے دوسر وں کو مود الزام ٹھہرائیں گے پہلے اپنے کیئے کا جواب دیں پھر دوسروں سے حساب مانگیں۔

وقت نے ثابت کر دیا ہے کہ منفی سیاست سے جنہوں نے پاکستان میں ترقی کا عمل روکنے کی ساز ش کی وہ اب خود اپنے ہی بچھائے گئے جال میں پھنس گئے ہیں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی نے قومی ترقی کے عمل کو سبوتاژ کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کے بیس کروڑ عوام کے حقوق و مفادات پر بھی ڈاکہ ڈالا ہے اور انہیں ان بنیادی سہولیات سے محروم کرنے کی ساز ش کی ہے جس کے وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف شروع دن سے کوشاں ہیں۔

(جاری ہے)

حاجی پرویز خان نے کہاکہ عمران خان کا کھیل اب ختم ہونے کو ہے اور ان کی جھوٹ و مکرو فریب پر مبنی سیاست ہمیشہ کے لئے دم توڑ دے گی۔انہوں نے کہا کہ چار سالوں میں موجودہ منتخب حکومت نے ملک کومسائل کے گرداب سے نکالنے کے لئے جو جدو جہد کی ہے اس کے ثمرات ظاہر ہورہے ہیں اور بجلی کے منصوبے کی تیز رفتاری سے تکمیل اور قومی ترقی کے پیکجز پر تیزی سے عملدرآمد اور سرمایہ کاری سے بہت جلد پاکستان میں معاشی و ااقتصادی ترقی کے نئے روشن دور کا آغاز ہو گااور مخالفین ایک دوسرے کا منہ دیکھتے رہ جائیں گے۔

حاجی پرویز خان نے کہاکہ ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ ہمارے قائد کے خلاف ایک دھیلے کی بھی کرپشن کوئی ثابت نہیں کر سکا اور نہ ہی ان کی کارکردگی پر کوئی تنقید کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم پاکستان نے سیاست میں روادری اور خدمت خلق کا جو معیار قائم کیا ہے کوئی بھی اس تک نہیں پہنچ سکتا اور اسی کارکردگی کی بنیاد پر ہم 2018 ء کے الیکشن میں ایک بار پھر لینڈ سلائیڈ وکٹری حاصل کریں گے۔

متعلقہ عنوان :