جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ کی جامعہ اشرافیہ کے صدر مولانا فضل الرحیم سے ملاقات

بدھ 26 جولائی 2017 23:16

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 جولائی2017ء) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل اور سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے جامعہ اشرفیہ کے صدر مدرس شیخ الحدیث مولانا فضل الرحیم سے ملاقات اور لاہور میں پی پی 153 کے کارکنان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ قومی اور نظریاتی سلامتی کیلئے خطرات بڑھتے جارہے ہیں، پاکستان ایٹمی صلاحیت ، پاک چائینہ اقتصادی راہداری اور شنگھائی تعاون تنظیم کارکن تو ہے لیکن امریکہ ، اسرائیل اور بھارت کے گٹھ جوڑ کے مقابلہ کیلئے ملک میں سیاسی انتشار اورپانامہ مقدمہ پر بحران نے پورے ملک کو مفلوج کر دیاہے ، سپریم کورٹ اس بے یقینی کے خاتمہ کیلئے پانامہ کیس اور بنی گالہ کیس کا فوری فیصلہ کردے تاکہ بے یقینی کا خاتمہ ہو۔

لیاقت بلوچ نے کہاکہ وزیراعظم نوازشریف کیلئے سیاسی، جمہوری، اخلاقی فرض تھاکہ عدالتی مقدمات اور تحقیق و تفتیش کے مرحلہ میں وزارت عظمیٰ کا منصب چھوڑ دیتے لیکن ذاتی خاندانی مفاداتی سیاست کو ترجیح دے کر ملک و ملت کیلئے بڑی مشکلات پیدا کر دی ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ملک کے مسائل کی درست اور بروقت تشخیص کی ہے کہ کرپشن ہی قومی سلامتی کیلئے خطرہ اور عوام کی غربت ، مہنگائی ، ذلت و رسوائی ، تعلیم ، صحت و پانی کے مسائل کی ذمہ دار ہے ۔

قائداعظم کے فرمان کے مطابق کرپشن کے اژدھا کو آہنی ہاتھوں سے کچلنا ہوگا۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ پارلیمانی کمیٹی نے انتخابی اصلاحات پر حتمی رپورٹ تیار کرلی ہے ۔ جماعت اسلامی کے اس پر تحفظات ہیں ۔ مکمل انتخابی اصلاحات ، شفاف و غیر جانبدارانہ انتخابات کے لیے قومی رہنمائوں کی رائونڈ ٹیبل کانفرنس بلائی جارہی ہے تاکہ قومی اتفاق رائے سے انتخابی اصلاحات منظور ہوں اور تمام نقائص دور ہو جائیں ۔

متعلقہ عنوان :