پیپلزپارٹی نے صوبائی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر لانے کے لیے ہوم ورک مکمل کر لیا ، بشارت ظہیر

تحریک اسلامی نگر میں شکست کے بعد بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکی ہے ، اسلامی تحریک کے رہنماحواس باختہ ہو کر عجیب و غریب بیانات دے رہے ہیں، رہنماء پیپلز پارٹی

بدھ 26 جولائی 2017 22:55

سکردو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 جولائی2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی بلتستان ڈویژن کے سینئر نائب صدر بشارت ظہیر نے کہ ہے کہ پیپلزپارٹی نے صوبائی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر لانے کے لیے ہوم ورک مکمل کر لیا ہے ، تحریک اسلامی نگر میں شکست کے بعد بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکی ہے اور اسلامی تحریک کے رہنماحواس باختہ ہو کر عجیب و غریب بیانات دے رہے ہیں ، اسلامی تحریک کے باغی رکن اسمبلی کپٹن شفیع کا امجد ایڈوکیٹ کے حق میں دست بردار ہونے اور اسمبلی میں سیٹ خالی کرنے کا اعلان ہی تحریک اسلامی کے خلاف عدم اعتماد ہے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنما جعفر شاہ صدارت نہ ملنے پر پارٹی چھوڑکر گئے ہیں ، پیپلزپارٹی علما کا احترام کرتی ہے لیکن دیدار علی اپنے آپ کو علما کی فہرست میں شامل نہ کریں ، پیپلزپارٹی صدر امجد ایڈوکیٹ کی قیادت میں دن بہ دن فعال اور مستحکم ہو رہی ہے ، اور اپنا کھویا ہوا مقام ایک بار پھر حاصل کرنے میں کامیاب ہو چکی ہے ، انہوں نے کہا کہ اسلامی تحریک ایک خاص ایجنڈے کے تحت لوگوں کو مذہب کے نام پر تقسیم کرنے میں تلی ہو ئی ہے ، اب گلگت بلتستان کے غیور عوام جان چکے ہیں کہ مذہبی کارڈ استعمال کرنے والے نام نہاد سیاست دانو ں نے سیاست اور مذہب دونوں کا ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے شیڈول فورتھ کے خوف سے اسلامی تحریک کے اراکین اسمبلی نے وزیر اعظم نواز شریف کے حق میںپیش کی گئی قرارداد کی حمایت کی ، انہوں نے کہا کہ اب مذہبی جماعتوں کا وجود ختم ہو چکا ہے عوام اب دوبارہ ان کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے ۔