پانامہ کیس نے تمام کرپٹ سیاستدانوں کے چہروں سے نقاب اتاردیئے،حکومت میں آکر تعلیمی انقلاب برپا کریں گے،مشتاق احمد خان

بدھ 26 جولائی 2017 22:28

پانامہ کیس نے تمام کرپٹ سیاستدانوں کے چہروں سے نقاب اتاردیئے،حکومت ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 جولائی2017ء) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ ملک میں جمہوریت کے نام پر آمریت مسلط ہے،سیاسی پارٹیاں خاندانی پراپرٹیاں بن چکی ہیں۔پانامہ کیس نے تمام کرپٹ سیاستدانوں کے چہروں سے نقاب اتاردیئے۔حکومت میں آکر تعلیمی انقلاب برپا کریں گے۔ نوجوانوں کو بڑی تعداد میں اسمبلیوں میں پہنچائیں گے۔

یوتھ کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کریں گے۔ ملک سے کرپشن ، لاقانونیت ، بدامنی اور مہنگائی کا خاتمہ کریں گے۔ جماعت اسلامی سب کا احتساب چاہتی ہے۔ کرپشن کے خاتمے تک جدوجہد جاری رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے مردان کی یونین کونسل کوٹ پی کے 30میں شمولیتی جلسہ سے خطاب کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

شمولیتی جلسہ سے جماعت اسلامی مردان کے امیر ڈاکٹر عطاء الرحمن، سیکرٹری جنرل عماد اکبر اور انجینئر تاج نبی خان نے بھی خطاب کیا۔

شمولیتی جلسہ میں سابق امیدوار ڈسٹرکٹ کونسل انجینئر تاج نبی خان نے خاندان اور ساتھیوں سمیت جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ مشتاق احمد خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ ووٹ کی طاقت میزائل اور ایٹم بم سے زیادہ ہے، ہم ووٹ کی طاقت سے ملک میں انقلاب برپا کریں گے۔ ستر سال سے بجلی، تعلیم، روزگار اور صحت کی سہولیات سے محروم قوم کے لئے جماعت اسلامی واحد امید ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2018ء میں ملک کو لوٹنے اور بیرون ملک اثاثے بنانے والوں سے بدلہ لیں گے ۔قوم چوروں اور لٹیروں کو جان چکی ہے۔ سب کا احتساب ہوگا تو ملک سے کرپشن کا خاتمہ ممکن ہوسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی قیادت ہر قسم کی کرپشن سے پاک ہے۔ جماعت اسلامی کے پاس ملک کی تقدیر بدلنے والی قیادت موجود ہے۔ ہماری حکومت آئی تو ملک کے تمام مسائل حل ہوجائیں گے۔

متعلقہ عنوان :