ْکرپشن کی اندھیر نگری مچانے والے جلد سیاسی گمنامی کے سمندر میں ڈوب جائیں گے‘عبدالعلیم خان

سیاسی رسوائی نواز لیگ کا مقدر بن چکی ہے ، پاناما کیس پر تاریخ ساز فیصلہ سامنے آئے گا‘کارکنوں سے خطاب

بدھ 26 جولائی 2017 22:26

ْکرپشن کی اندھیر نگری مچانے والے جلد سیاسی گمنامی کے سمندر میں ڈوب ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 جولائی2017ء) تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پاکستان کے افق پر انصاف کا سورج طلوع ہوچکاہے،قوم کو کرپشن کے آسیب سے نکالنے پر عمران خان کا نام تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گااور اندھیر نگری مچا کر اور ملکی سرمایہ لوٹ کر بے نامی جائیدادیںبنانے والے جلد سیاسی گمنامی کے سمندر میں ڈوب جائیں گے ۔

عبدالعلیم خان نے این ای122کے دورے کے موقع پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ کرپشن ہے،معاشرے میں چھوٹے ،بڑے، امیر ،غریب کا لحاظ کئے بغیر انصاف نہ ہو ا تو ادارے شخصیات کے غلام بن کر رہ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے مسلسل جدوجہد سے عوام میں شعور اجاگر کرنے کیساتھ نواز خاندان کی بادشاہت کو چیلنج کرتے ہوئے روشن مستقبل کی راہ دکھادی ہے۔

(جاری ہے)

عبدالعلیم خان نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ پاکستان کی تاریخ بدل دے گا،جمہوریت کو آمرانہ سوچ رکھنے والے حکمرانوں سے نجات ملے گی اور کرپشن کیخلاف جنگ کو سازش کا رنگ دینے والے حواریوں اور درباریوں کو بھی ایک دن انصاف کے کٹہرے میں کھڑا ہونا پڑے گا۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ لوٹ مار کے ناقابل تردید ثبوت ہونے کے باوجود میڈیا میں مظلومیت کا رونا رونے والے نواز خاندان کو سیاسی شہید بنانے کی کوشش میں ناکام ہوچکے،عوام کودھوکا دینا آسان نہیں رہا،کوئی باشعور ووٹر ملک کا مستقبل لٹیروں کے ہاتھوں میںدینے کیلئے تیار نہیںہوگا۔

انہوں نے کہا کہ عدالتی محاذ ہو یا سیاسی،رسوائی نواز لیگ کا مقدر بن چکی،حنیف عباسی ،دانیال عزیز،طلال چوہدری اور عابد شیر علی سمیت درباریوں کی فوج جتنی چاہے چرب زبانی کرلے حکمرانوں کی ساکھ بحال نہیں کرسکتی ۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ اب آنے والا وقت عمران خان اور تحریک انصاف کا ہے جو انشاء اللہ ملک میں نیا سیاسی کلچر متعارف کروائیں گے۔